دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان کے صوبہ گلگت بلتستان میں چلاس کے علاقے تھور نالہ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیس افسر سمیت چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر منظور احمد پیام کے مطابق، پولیس کی یہ ٹیم علاقے میں افیون کی کھڑی فصل کو جلا کر تلف کرنے کی مہم (آپریشن) میں مصروف تھی کہ اسی دوران گھات لگائے مسلح حملہ آوروں نے ان پر اچانک حملہ کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیا گیا جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
حملے کے بعد علاقے میں پیدا ہونے والی شدید کشیدگی کے پیشِ نظر صورتحال کو قابو میں رکھنے اور مزید کسی تصادم کو روکنے کیلئے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے بھاری دستے تھور نالہ اور اطراف کے علاقوں میں تعینات کر دئے گئے ہیں۔
دوسری جانب، وزارتِ داخلہ پاکستان نے اپنے ایک خصوصی بیان میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔




