میران شاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے محکمئہ جنگلات نے موسم بہار کیلئے شجرکاری مہم کا اغاز کردیا جس میں پہلی بار شمالی وزیرستان کے عدلیہ سے وابستہ معزز ججز نے جوڈیشیل کمپلیکس میں پودے لگا کر مہم کا افتتاح کردیا، اس سلسلے میں شمالی وزیرستان کے جو ڈیشیل کمپلیکس ( حال بنوں ) کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اصف خان اور سینئر سول جج عبدالحسن خان مہمند نے کمپلیکس کے احاطے میں پودے لگا کر مہم کا افتتاح کردیا ۔ اس موقع پر عدلیہ کے اہلکار اور جنگلات کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے ۔ مہم کا افتتاح کرنے کے بعد محکمئہ جنگلات شمالی وزیرستان کے سینیئر فارسٹ افیسر احسان اللہ خان وزیر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کو سرسبز و شاداب رکھنا ہم سب کا فرض ہے اور یہاں کے قدرتی ماحول اور جنگلات کی حفاظت اور ان کو برقرار رکھنے کیلئے عوام میں شجر کاری کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی کے خلاف بھی اگہی ضروری ہے اور علاقے کے قدرتی ماحول کی حفاظت میں عوام کا تعاون ہر صورت میں حاصل کرینگے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمئہ جنگلات کے ساتھ شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں اور علاقے کی خوبصورتی میں اضافے اور قدرتی ماحول کی حفاظت میں ہر شہری اپنا کردار ادا رکریں۔ َ
