زیادہ اموات، کم ٹیسٹ اور ہیلتھ ورکرز کے متاثر ہونے سے ثابت ہوا ہے کہ صحت کا نظام ناقص ہے، ایمل ولی

پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹکل ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ اموات،انتہائی کم ٹیسٹ اور ہیلتھ ورکرز کے متاثر ہونے سے ثابت ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کے صحت کا نظام ناقص ہے۔کورونا وائرس اعداد وشمار انتہائی خطرناک اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے محکمہ صحت کے حوالے سے بلند وبانگ دعوے جھوٹے ہیں۔سماجی رابطوں کے ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے الگ الگ بیانات میں ایمل ولی خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے جاں بحق ہونے کی تعداد ثابت کرتی ہے کہ خیبرپختونخوا کے صحت کا نظام ناقص ہے۔ پی ٹی آئی کے محکمہ صحت کے حوالے سے بلند وبانگ دعوے جھوٹے ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات،انتہائی کم ٹیسٹ اور ہیلتھ ورکرز متاثر ہوئے ہیں۔ایمل ولی خان نے کہا کہ پی آئی ڈی آئی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں غربت 2015 سے2018-19کے دوران سب سے زیادہ آٹھ فیصد بڑھی ہے۔گزشتہ سات سالوں کے دوران یہاں کے صاحب اقتدار کی ناہلی کیوجہ سے صوبے کا ہر شعبہ نااہل افراد کے ہاتھوں میں ہے۔ایمل ولی خان نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں مزید کہا کہ وفاقی وزراء کی جانب سے کورونا وائرس کا ٹریفک حادثات سے موازانہ اس بات کا ثبوت ہے کہ نااہل حکومت کو ابھی تک اس خطرے کا احساس ہی نہیں،کورونا قومی سلامتی کا مسئلہ بھی ہے۔اگر ڈاکٹرز بیمار پڑگئے تو ہسپتال کون چلائیں گے؟ اگر یہ وباء حکومتی دفاتر اور سیکیورٹی فورسز تک پھیل گئی تو پھر؟ ایمل ولی خان نے اپنے ٹویٹس میں حکومتی نااہلی پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ حکومت وقت کو اس وباء کو سنجیدہ لینا ہوگا تب ہی جاکر ہم من حیث القوم اس وباء کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں