سوات ، کبل میں ریسکیو1122 سٹیشن کا افتتاح

پشاور( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک )خیبر پختونخوا ایمرجنسی سروس ( ریسکیو 1122) نے کبل میں باقاعدہ آپریشنل سروسز کا آغاز کردیا۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مراد سعید نے ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کیا، ریسکیو1122 کے جوانوں نے مہمان گرامی کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ریسکیو1122 اس وقت صوبے بھر میں کورونا وائرس سمیت کسی بھی ایمرجنسی کے خلاف فرنٹ لائن پر بہترین خدمات فراہم کررہا ہے، ریسکیو1122 کو کورونا وائرس کے خلاف جاری اپریشنل سرگرمیوں کے لیے تمام تر وسائل فراہم کیے گئے ہیں، سوات کی سات تحصیلوں میں ریسکیو1122 کے سات سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سیدو شریف، مٹہ، کبل، بریکوٹ، خوازہ خیلہ، بحرین اور چار باغ کے علاقوں میں بین الاقوامی طرز کی خدمات فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ریسکیو1122 کی بہترین کارکردگی پر اس سروس کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلا دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے ریسکیو سروسز سے متعلق بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122 صوبائی حکومت کے تعاون سے رواں سال 16 نئے اضلاع میں ریسکیو سروسز کا آغاز کیا ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 29 سے بڑھا کر 72 کر دی گئی ہے جن میں حالیہ ضم شدہ اضلاع خیبر، باجوڑ اور مہمند شامل ہیں، ریسکیو1122روزمرہ ایمرجنیسز کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے خلاف بھی ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے، جس میں مہلک وائرس سے بچاو، تدارک اور آگاہی مہم، مشتبہ اور ممکنہ مریضوں کو بحفاظت ہسپتال یا قرنطینہ سینٹرز منتقل کرنا اور متاثرہ اضلاع اور دیگر علاقوں میں جراثیم کش سپرے شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان یوسفزئی نے کہا کہ ریسکیو1122 میں خواتین میڈیکل ٹیکنیشنز ایمبولینسز میں مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ خدمات فراہم کررہی ہیں۔ ریسکیو1122 بلاتفریق مختلف ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کررہی ہیں جبکہ عوام الناس کو بنیادی زندگی اور آگ سے بچاؤ سے متعلق تربیت فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں