کوہاٹ سانحہ: غیر قانونی گولڈ مائننگ، “تحفظ کا ٹھیکہ” اور ریاست کو درپیش نیا سیکیورٹی چیلنج

تحقیقاتی و تجزیاتی رپورٹ | دی خیبر ٹائمز

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی طور پر سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کرنے والی پولیس پارٹی پر حملہ ہوا اور دس پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ اسے محض امن و امان کا ایک عام واقعہ سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔ یہ سانحہ ایک ایسے خطرناک گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے جس پر فوری اور سنجیدہ غور و فکر لازم ہے۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں اٹھارہ حملہ آور مارے گئے، مگر اس خونی تصادم نے صوبے میں قدرتی وسائل کی لوٹ مار اور دہشتگردی کے درمیان مالیاتی روابط (ٹیرر فنانسنگ) کے بارے میں کئی سنگین سوالات کھڑے کر دئے ہیں۔
کوہاٹ اور دریائے سندھ کی پٹی سے ملحقہ علاقوں میں سونے کے ذرات نکالنے کا غیر قانونی کاروبار عرصۂ دراز سے جاری ہے۔ عام تاثر یہی رہا ہے کہ یہ مقامی مافیا یا بااثر افراد کا کھیل ہے، جس کا نقصان زیادہ سے زیادہ قومی خزانے کو ٹیکس اور رائلٹی کی چوری کی صورت میں پہنچتا ہے۔ تاہم باخبر مقامی اور سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب صورتِ حال اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور سنگین ہو چکی ہے اور یہ کاروبار مقامی مافیا تک محدود نہیں رہا۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی گولڈ مائننگ سے حاصل ہونے والی خطیر آمدنی کا ایک بڑا حصہ شرپسند اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کو باقاعدہ “تحفظ کے ٹھیکے” (پروٹیکشن منی) کی صورت میں ادا کیا جاتا ہے۔ اس غیر اعلانیہ معاہدے کی نوعیت کچھ یوں بیان کی جاتی ہے:
پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں بلا روک ٹوک کھدائی کی سہولت مل جاتی ہے، جہاں ریاستی اداروں کی رسائی پہلے ہی محدود ہوتی ہے۔
ان غیر قانونی گولڈ مائننگ سے مسلح دہشتگرد تنظیموں تک مسلسل اور منظم طریقے سے مالی وسائل حاصل ہوتے ہیں۔ جس کا کام کسی بھی سرکاری یا پولیس کارروائی کی صورت میں یہ عناصر مافیا کیلئے ڈھال بن جاتے ہیں اور ریاستی اداروں پر براہِ راست حملے سے بھی گریزنہیں کرتے۔ باخبر ذرائع کے مطابق کوہاٹ کا حالیہ واقعہ اس کی تازہ ترین اور المناک مثال ہے۔
یہ ایک ایسا نظام ہے جس میں دونوں فریق ایک دوسرے کے محتاج ہیں۔ مافیا کو تحفظ چاہئے اور مسلح گروہوں کو پیسہ۔ ریاست جب تک اس رشتے کو نہیں توڑتی، یہ دونوں ایک دوسرے کو مضبوط کرتے رہیں گے، اور ریاست کیلئے بڑھتا ہوا خطرہ ثابت ہوگا۔
اس صورتِ حال کی سنگینی کا اصل پہلو یہ ہے کہ قدرتی وسائل کی غیر قانونی فروخت سے حاصل ہونے والا کالا دھن بالآخر ریاست ہی کے خلاف استعمال ہونے والے اسلحے اور دہشتگرد نیٹ ورکس کو مضبوط کرنے کے کام آتا ہے۔ جب کوئی غیر قانونی معیشت مسلح جتھوں کے ساتھ جڑ جاتی ہے تو وہ محض چوری یا ٹیکس چوری کا معاملہ نہیں رہتی۔ وہ براہِ راست قومی سلامتی کا مسئلہ بن جاتی ہے۔ زمین سے نکلنے والا سونا اس صورت میں گولی اور بارود میں ڈھل کر انہی اہلکاروں کے سینوں تک پہنچتا ہے جو اسے روکنے نکلے تھے۔
خیبر پختونخوا پولیس نے ایک بار پھر اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ قانون کی بالادستی کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان شہداء کی قربانی کا اعتراف اپنی جگہ، مگر اس واقعے نے پولیس کے آپریشنل طریقۂ کار پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے، اور ان سوالات سے آنکھیں چرانا شہداء کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔
کیا پولیس کو مکمل ادراک تھا کہ وہ محض غیر قانونی مزدوروں یا عام مافیا کے خلاف نہیں، بلکہ بھاری اسلحے سے لیس تربیت یافتہ شرپسندوں کے گڑھ میں جا رہی ہے؟
دشوار گزار علاقوں میں کارروائی سے پہلے انٹیلی جنس شیئرنگ کیوں یقینی نہیں بنائی گئی؟
بھاری نفری اور بکتر بند گاڑیوں (اے پی سیز) کی فراہمی کیوں نہ ہو سکی؟
اگر ایسے علاقے میں، جہاں مسلح گروہوں کی موجودگی کا امکان تھا، ایک عام پولیس پارٹی کو روایتی کارروائی کے انداز میں بھیجا گیا تو یہ ایک منظم ادارہ جاتی کمزوری کی نشاندہی ہے، جسے دور کئے بغیر مستقبل میں بھی ایسے سانحات کا خدشہ برقرار رہے گا۔
کوہاٹ کے شہداء کا خون تقاضا کرتا ہے کہ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے اس معاملے کو محض “ٹریفک یا انتظامی کارروائی” کے بجائے کاؤنٹر ٹیررازم (انسدادِ دہشتگردی) کے تناظر میں دیکھیں۔ اس ضمن میں درج ذیل اقدامات ناگزیر ہیں:
1۔ اصل سرپرستوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ صرف مزدوروں یا مشینری کو پکڑنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ کریک ڈاؤن ان اصل سرپرستوں اور ٹھیکیداروں کے خلاف ہونا چاہیے جو شرپسندوں کو فنڈنگ فراہم کر رہے ہیں۔ مزدور تو اس زنجیر کی سب سے کمزور کڑی ہیں۔
جہاں غیر قانونی مائننگ کے ساتھ مسلح گروہوں کی موجودگی کی اطلاعات ہوں، وہاں مقامی پولیس کو تنہا بھیجنے کے بجائے سی ٹی ڈی (CTD) اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے ساتھ مشترکہ آپریشن کئے جائیں۔
سونے کی کان کنی کے عمل کو شفاف اور قانونی ضابطوں کے تحت لایا جائے تاکہ مقامی آبادی کو باعزت روزگار ملے اور غیر قانونی مافیا کی اجارہ داری ختم ہو۔ جب تک قانونی راستہ دستیاب نہیں ہوگا، لوگ غیر قانونی راستے پر چلتے رہیں گے اور یہی راستہ مسلح گروہوں کیلئے آمدنی کا ذریعہ بنتا رہے گا۔
کوہاٹ میں دس پولیس جوانوں کی شہادت ایک تلخ حقیقت کو بے نقاب کر چکی ہے: جب تک غیر قانونی معیشت اور شرپسندوں کے درمیان قائم “تحفظ کے اس شیطانی گٹھ جوڑ” کو جڑ سے نہیں اکھاڑا جائے گا، تب تک نہ صوبے کے قدرتی وسائل محفوظ رہیں گے اور نہ ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی جانیں۔ یہ وقت محض تعزیت اور مذمتی بیانات کا نہیں، فیصلہ کن حکمتِ عملی کا ہے۔

 یہ بھی ملاحظہ کیجئے: 28ویں آئینی ترمیم، کے پی گورنر راج اور نیا سیاسی اتحاد: پسِ پردہ گیم پلان کا گہرا تجزیہ

Executive Summary: The Kohat Tragedy & The Nexus Between Illegal Gold Mining and Militancy

  • A Deeper Security Threat: The ambush on a police party in Kohat—which resulted in the martyrdom of 10 police officers and the killing of 18 attackers—is not merely a routine law-and-order incident. Instead, it exposes a dangerous nexus between the looting of natural resources and terror financing in Khyber Pakhtunkhwa.
  • The “Protection Money” Syndicate: Informed local and security sources reveal that illegal gold mining along the Indus belt in Kohat has moved beyond local mafias. A substantial share of the illicit revenue is paid as regular “protection money” to banned militant outfits. In return for unobstructed excavation in rugged terrain, armed militants act as a shield for the mafia and directly attack state forces.
  • Illicit Economy Fueling Terrorism: When illegal resource extraction merges with armed groups, it escalates from tax evasion to a direct national security threat—turning extracted gold into weapons and ammunition used against law enforcement personnel.
  • Operational & Intelligence Gaps: While acknowledging the bravery of KP Police, the tragedy highlights critical operational flaws, including a lack of pre-operation intelligence sharing and the deployment of standard police teams without heavy reinforcements or Armored Personnel Carriers (APCs) into high-risk militant strongholds.
  • Strategic Recommendations: Authorities must treat this issue through a counter-terrorism lens rather than a routine administrative crackdown. Key steps include:
    1. Targeting the primary financiers and contractors rather than low-level laborers.
    2. Conducting joint operations with the Counter-Terrorism Department (CTD) and Frontier Constabulary (FC) in sensitive areas.
    3. Regulating and legalizing gold mining to provide legitimate employment to locals and dismantle the mafia’s monopoly.
  • Conclusion: Condolences alone are insufficient; dismantling the mutually beneficial alliance between the illicit economy and militancy is imperative to protect both provincial resources and the lives of security personnel.