خیبر پختونخوا میں سیاحتی ایمرجنسی رسپانس کے لیے جدید مشینوں کی فراہمی

پشاور ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) خیبر پختونخوا حکومت نے سیاحتی علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو جدید کثیرالمقاصد مشینیں فراہم کر دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے تقریب میں یہ مشینیں دونوں اداروں کے حوالے کیں۔
بریفنگ کے مطابق یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ہائی پرفارمنس مشینیں ہیں جو برف ہٹانے، گلیشیئر صاف کرنے، گرے ہوئے درخت، کنکریٹ ملبہ اور لوہے کی رکاوٹیں کاٹنے سمیت سات مختلف کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان مشینوں کی بدولت برفباری کے دوران سڑکوں کو کھلا رکھنا اور سیاحوں کی سردیوں میں بھی محفوظ رسائی ممکن ہو سکے گی۔
یہ مشینیں عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے “کائٹ پروگرام” کے تحت حاصل کی گئی ہیں جبکہ مزید چار مشینوں کی خریداری جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت اور سڑکوں تک ہمہ وقت رسائی سیاحت کے فروغ کے لیے ضروری ہے اور صوبائی حکومت نئے سیاحتی مقامات کی ترقی، رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور میزبان ہوم اسٹے منصوبے جیسے اقدامات پر کام کر رہی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد سیاحت کو سال بھر فعال رکھ کر صوبے کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنانا ہے۔ تقریب میں صوبائی کابینہ اراکین، محکمہ سیاحت، جی ڈی اے اور کے ڈی اے کے حکام شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں