پرتگال کے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کے فٹبال کلب جووینٹس کے کوچ ماریزیو سری اپنے دیگر ساتھیوں سمیت کورونا وائرس کے بحران کے دوران 9 ملین یوروز (10 کروڑ ڈالرز) کا معاوضہ چھوڑنے پر تیار ہو گئے ہیں۔
رب نیوز کے مطابق کلب کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم ملازمین کی چار ماہ کی اجرت بنتی ہے جو کھلاڑیوں کی تنخواہوں کا ایک تہائی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اطالوی لیگ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی رونالڈو 10 ملین یوروز (ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر) سے زیادہ کا معاوضہ نہیں لیں گے۔
اقتصادیات کی ڈگری حاصل کرنے والے جووینٹس کلب کے کپتان جیورجیوچیلینی نے کلب اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کی۔
جووینٹس کلب کے بیان کے مطابق اگر موجودہ سیزن کے میچوں کو دوبارہ ترتیب دیا گیا تو کلب کھلاڑیوں کے ساتھ نیک نیتی سے بات چیت کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جووینٹس کلب مشکل وقت میں ایسا کرنے پر کھلاڑیوں اور کوچ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے۔
جووینٹس سیری اے لیگ میں سرفہرست ہے اورلیزیو سے ایک پوائنٹ کی برتری پر ہے۔
اٹلی میں تمام کھیلوں کو تین اپریل تک ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے تحت معطل کر دیا گیا ہے لیکن لیگ کے حکام نے مئی میں سری اے دوبارہ شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
واضح رہے کہ جووینٹس کلب کے تین کھلاڑیوں ڈینیئل روگانی،بلیز ماتیوڈی اور پالو ڈیبالا کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔