میرانشاہ کے ہونہار طالب علم روح اللہ داوڑ کی شاندار کامیابی، سادگی، محنت اور استقامت کی روشن مثال

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی وزیرستان کی پسماندہ سرزمین سے تعلق رکھنے والے باہمت اور باصلاحیت طالب علم، روح اللہ داوڑ تپی نے اپنی محنت، لگن اور استقامت کی بدولت یونیورسٹی آف سوات سے زوالوجی میں گریجویشن کی ڈگری نہ صرف حاصل کی بلکہ نمایاں نمبروں کے ساتھ امتیازی مقام بھی حاصل کیا۔

انتہائی سادہ، باوقار اور مالی مشکلات کا شکار گھرانے سے تعلق رکھنے والے روح اللہ داوڑ کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے والدین، اساتذہ اور علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ شمالی وزیرستان کے تمام نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ روح اللہ داوڑ نے اپنے خاندان کی کفالت کے لیے مختلف اوقات میں پارٹ ٹائم ملازمتیں بھی کیں، لیکن ان کی علمی جستجو اور حوصلہ کبھی ماند نہ پڑا۔

ہمارے سینئیر صحافی دوست کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے روح اللہ داوڑ نے کہا کہ ان کے گھر میں کمائی کا کوئی مستقل ذریعہ نہیں، اس کے باوجود انہوں نے مایوسی کو قریب نہ آنے دیا اور اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے نوجوانوں کو موجودہ حالات میں صرف اور صرف تعلیم کو اپنا نصب العین بنانا چاہیے، کیونکہ یہی وہ واحد راستہ ہے جو ترقی، امن اور روشن مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔

روح اللہ داوڑ کی کامیابی ان ہزاروں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو مشکل حالات سے گھبرا جاتے ہیں۔ ان کی محنت، قربانی اور صبر ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اگر نیت خالص ہو اور عزم مضبوط، تو کوئی بھی خواب حقیقت بن سکتا ہے۔

یہ بھی ویرستان ہے:

شمالی وزیرستان: میر علی کی تحصیل خدی میں خودکش حملہ، اہلکاروں سمیت 13 افراد شہید، 24 زخمی

اپنا تبصرہ بھیجیں