شمالی وزیرستان کے محکمہ صحت نے غفلت میں مرتکب 900 پولیو ورکرز کو نوٹسز جاری، تنخواہوں سے کٹوتی

میرانشاہ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر شمالی وزیرستان نے پولیو میں غفلت برتنے پر محکمۂ صحت کے 900 ملازمین کو شو کاز نوٹسز جاری کردئے جبکہ تنخواہوں میں مجموعی کٹوتی کی مد میں 67 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کر دئے۔ ڈی ایچ او شمالی وزیرستان ڈاکٹر اکرام صافی نے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ جن ملازمین کو نوٹسز جاری کر دئے گئے ہیں ان میں ہیلتھ ٹیکنیشنز، ای پی ائی ٹیکنیشنز، ویکسینیٹرز، ایل ایچ ویز، نرسز اور عملے کے دیگر ارکان شامل ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گذشتہ دوماہ کے دوران شمالی وزیرستان کے پیرامیڈیکس اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں سے ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر مجموعی طور پر67لاکھ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے جس کو باقاعدہ سرکاری خزانے میں جمع کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر اکرام صافی کے مطابق پیرا میڈیکس کے عملے کے 59 ملازمین کی تنخواہوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ جن ڈاکٹروں نے فرائض میں غفلت برتی ہیں ان کی تنخواہوں سے فی کس 65ہزار روپے کی کٹوتی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن ملازمین کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں انہوں نے اگر تسلی بخش جواب نہ دیا تو بلا چوں و چرا ان کو ڈیوٹیوں سے فارغ کیا جا ئے گا۔ شمالی وزیرستان میں پہلی بار محکمۂ صحت کے ملازمین کے اتنی بڑی تعداد کو شوکاز نوٹسز جاری کئے جا چکے ہیں جن کے بارے میں ڈی ایچ او کا کہنا تھا کہ بہت جلد گھوسٹ مراکز صحت کی چھانٹی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں