سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 1 ہفتے کے دوران 157 موٹر سائیکل سواروں پر جرمانے عائد کئے۔

پشاور ( دی خیبرٹائمزکرائمز ڈیسک ) ترجمان شھاب خان سٹی ٹریفک پولیس پشاورکے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر  سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کیں اور شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ ناکہ بندیوں کے دوران موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے ہیلمٹ کے بغیر سفر کرنے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جس کے تحت 157 افراد پر جرمانے عائد کئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر گلبہار سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ شہری موٹر سائیکل پر سفر کرتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ حادثے کی صورت میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر اوقات موٹر سائیکل سوار حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں جس سے ان کو معمولی چوٹیں آجاتی ہیں تاہم ہیلمٹ کے استعمال کی وجہ سے وہ بڑے حادثے جیسے ہیڈ انجری سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل سوار حد رفتار کم سے کم رکھیں تاکہ حادثات ہی رونما نہ ہوں اور اپنی زندگیوں سمیت دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں