صوابی ، کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندان میں امدادی پیکجز کی تقسیم مثالی ہیں

صوابی ( پ ر ) ضلع صوابی کے گاؤں شاہ منصور کی ”وصال فیملی“ خدمت خلق اور انسانیت سے محبت کی بہترین مثال قائم کرتے ہوۓ صوبہ بھر میں اب تک 3200 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کر چکی ہے، اس کے علاوہ ضلع صوابی میں درجنوں مساجد تعمیر کرنے کے علاوہ آجکل مساجد کو سینی ٹائزرز اور صابن فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ نمازی کورونا وائرس سے خود کو محفوظ اور اس کا پھیلاؤ روک سکیں۔
علاقے کے سماجی کارکن حاجی وصال محمد کی زیر سرپرستی کام کرنے والی وصال فیملی کی جانب سے صرف گذشتہ ایک ماہ کے دوران تین ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن دیا جا چکا ہے جس میں آٹا، دالیں ، چاول، چینی، کھجور، گھی اور بیسن شامل ہیں۔ راشن وصول کرنے والوں میں ضلع صوابی کے 1800 خاندانوں کے علاوہ پورے صوبے سے ایسے خاندان شامل ہیں جن کے کفیل اب اس دنیا میں نہیں یا وہ محنت مزدوری کی سکت نہیں رکھتے۔ واضح رہے کہ حاجی وصال محمد کی زیر نگرانی مساجد کی تعمیر، غریب خاندانوں کی کفالت، بلڈ ڈونیشن اور دیگر فلاحی کام عرصہ دراز سے جاری ہیں جبکہ وصال فیملی ۲۰۱۰ کے سیلاب زدگان، آئ ڈی پیز اور روہنگیا مسلمانوں کی داد رسی اور مدد میں بھی پیش پیش رہی۔ اس کے علاوہ علاقے کی چھ سو زائد نوجوانوں کو ملازمت کی غرض سے بیرونی ممالک بھیج چکی ہے۔ حاجی وصال محمد کی صاحبزادے اور فلاحی کاموں کے نگران سلمان وصال نے بتایا کہ فلاحی کاموں کا سلسلہ ماہ رمضان اور لاک ڈاؤن کے بعد بھی جاری رہے گا جبکہ علاقے اور یہاں کے مکینوں کی مدد کے لئے ان سے جتنا ہو سکے گا وہ کریں گے۔
واضح رہے کہ علاقے کے نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں اور کھیل کود کی طرف راغب کرنے کے لئے بھی وصال فیملی دن رات کوشاں ہے اور دو سال قبل شاہ منصور زلمی کے نام سے کرکٹ ٹیم بنائ گئ جس میں علاقے کے باصلاحیت لڑکے کھیلتے ہیں۔ یہ ٹیم دو مرتبہ صوابی پریمئر لیگ جیت چکی ہے۔ آج کل سلمان وصال بیرونی ملک بالخصوص خلیجی ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے کوشاں ہیں اور مختلف فورمز پر اس مسلے کو اجاگر کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں