شمالی وزیرستان لڑائی روکنے کیلئے بنوں کے پی ٹی ایم دیگر اقوام سمیت چیغہ کرکے مورچے خالی کرنے کیلئے میرعلی جائینگے

پشاور ( دی خیبرٹائمز رپورٹنگ  ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے میرعلی سب ڈویژن میں گذشتہ تین دن سے خدی اور مچی خیل قبائل کے درمیان ارضی کے تنازعے پر چھوٹے بڑے خود کار ہتھیاروں کے ساتھ فائرنگ جاری ہے اور فائربندی کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہو رہی ہیں۔میرعلی کے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ مچی خیل اور خدی قبائل کے درمیان اراضی کا پُرانا تنازعہ چلا آرہا ہے جس کے باعث دونوں قبائل کئی بار ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہو چکے ہیں اور کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن گیا ہے۔ حال ہی میں ایک ار پھر مذکورہ تنازعہ نے شدت اختیار کر لی ہے جس میں دونوں قبائل ایک دوسرے کے خلاف خود کار ہتھیاروں کا ازادانہ استعمال کررہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے پولیس اور انتظامیہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ تین دن سے میرعلی تحصیل اور کینٹ ایریا سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر دن رات لڑائی جاری ہے تاہم پولیس اور انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔ گوکہ ابھی تک اس لڑائی میں خوش قسمتی سے کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم اگر لڑائی یوں ہی جاری رہی تو کسی بڑے جانی نقصان کا خدشہ موجود ہے اس بارے میں ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان نے دی خیبر ٹائمز کو بتایا کہ بدھ کو ان قبائل کو لڑائی رکوانے اور سیز فائر کیلئے جرگہ بھیجا گیا ہے اگر اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور فریقین لڑائی جاری رکھنے پر بضد رہے تو انتظامیہ جمعرات سے سخت ایکشن لے گا جس میں کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ اس بارے میں البتہ پولیس کا موقف سامنے نہیں
اسکاہے اور بار بار کے رابطے کے باوجود پولیس کا کوئی ذمہ دار پولیس کے موقف کو بتانے کیلئے نہ مل سکا۔

اراضی کے اس تنازعہ کو ختم کرنے اور لڑائی کو روکنے کیلئے بنوں میں پشتون تحفظ مؤومنٹ کے اہم رہنما حاجی صمد کی سربراہی میں دیگر اقوام کے یوتھ اور عمائدین کو ساتھ لیکر آج جمعرات کو چیغہ کرکے میرعلی پہنچینگے، جہاں پشتون تحفظ مؤومنٹ اور دیگر قبائل ان کے ساتھ ملکر متحارب مورچہ زن  خدی اور مچی خیل قبائل کے مورچوں میں جاکر ان سے منت سماجت کرکے جنگ بندی پر راضی کرینگے، جبکہ متنازعہ اراضی کے معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائینگے۔ امن کے قیام کیلئے چیغہ کے سربراہ اور پشتون تحفظ مؤومنٹ کے اہم رہنما حاجی صمد نے سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے والے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بنوں کے تمام اقوام سے جنگ کے خاتمے اور صُلح کیلئے اس چیغہ میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب یوتھ آف وزیرستان پشاور پریس کلب میں خدی ، مچی خیل قبائل میں جاری جھڑپوں سمیت اراضی کے ایسے دیگر سنگین صورتحال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرینگے۔ یوتھ آف وزیرستان بھی مسلسل قیام امن کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں