کروناکےخلاف فرنٹ لائن پر لڑنےوالےڈاکٹروں کےخلاف غیر ذمہ دارانہ رویہ سے ان کے حوصلےکمزورکرنےکی کوشش ہے

پشاور( دی خیبرٹائمزہیلتھ ڈیسک) طبی عملہ موجودہ حالات میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر عوام کی زندگیاں محفوظ بنارہے ہیں اور کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں یہ وقت انکے حوصلے بلند کرنے کا ہے نہ کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ سے انکے حوصلے کمزور کرنے کی کو شش کی جائے۔ گزشتہ دنوں پروفیسر ڈاکٹر جاوید نے کورونا کے مریضوں کی جان بچانے کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی اسی طرح دیگر طبی عملہ بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کو شکست دینے کے لئے طبی ماہرین کی جانب سے بنائے گئے طریقہ کاراپنا کر علاج کریں طبی عملہ 24/7 کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے میں مصروف عمل ہے اور ایک منظم طریقہ کار کے مطابق مریضوں کا چیک اپ اور علاج کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اپنا چیک اپ و علاج کریں اور ہسپتالوں میں بلاوجہ ڈاکٹروں کیساتھ الجھنے سے پرہیز کریں۔ ڈاکٹر اس وقت ایک عظیم مشن پر ہے اور وہ مشن لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے اس لئے عوام بھی ڈاکٹروں کا ساتھ دیں اور ملک سے موجودہ کورونا کی وباء کے خاتمے میں ایک ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔ اس وقت تھوڑی سی غیر ذمہ داری کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ موجودہ حالات میں ہم لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کی متحمل نہیں ہو سکتے۔ کسی بھی مریض میں کورونا ٹسٹ مثبت آئے تو وہ دوسروں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے طبی ماہرین کے مشورے پر عمل کرکے گھروں سے باہر نہ نکلے۔ میڈیا، علماء کرام، اور سول سوسائٹی عوام میں کورونا وائرس کے حوالے سے آگہی اور وضع کردہ طریقہ کار پر عمل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عوام سے گزارش ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے اور شکایت درج کرنے کی صورت میں ٹال فری نمبر 01700-0800 رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں