ضلع کرم کے بڑے شہر پاڑہ چنار میں بس ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھا گیا


سدہ کرم ( محمد جمیل ) ممبرصوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے صوبائی لیڈر سید اقبال میاں نے پاڑہ چنار میں بس ٹرمینل کے سنگ بنیاد کے موقع پر کہا ہے کہ جدید بس ٹرمینل کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولتیں مہیا ہوگی بلکہ تحصیل میونسپل کمیٹی پاڑہ چنار کے فایننشل مسائل بھی حل ہوں گے۔ سنگ بنیاد کے اس موقع پر ٹی ایم او پاڑہ چنار نے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں قبائلی عمائدین اور معززین شہر موجود تھے۔ اپنے خطاب میں ایم پی اے اقبال سید میاں اور اے ڈی لوکل گورنمنٹ رحمان خان نے کہا کہ پاڑہ چنار شہر میں جدید بس ٹرمینل کی ضرورت ایک عرصے سے محسوس کی جارہی تھی اور آج الحمداللہ ہم اس قابل ہوچکے ہیں کہ یہاں جدید طرز اور تمام تر سہولتوں سے آراستہ بس ٹرمینل بناسکیں۔اس نئی اور جدید ٹرمینل کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولتیں مہیا ہوں گی ۔ بس سٹینڈ میں جدید طرز کے زنانہ و مردانہ انتظار گاہیں ہوں گی۔ عوام کی سہولت کے لیے یہاں دکانیں ، مسجد ٹیوب ویل اور دیگر ضروریات زندگی، تمام سہولیات خصوصاً واش رومز بھی تعمیر ہوں گے۔ عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول میسر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی آمدنی ٹی ایم اے کو دیا جائے گا جس سے ٹی ایم اے نہ صرف ملازمین کی تنخواہیں بلکہ شہر کی صفائی ستھرائی ، تعمیر و ترقی کے کاموں سمیت دوسرے مینٹی نینس کے کام حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے کو ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ انشاء اللہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے ٹی ایم اے کو سالانہ کروڑوں روپے کی آمدنی ہوگی۔ اے ڈی لوکل گورنمنٹ رحمان خان نے کہا کہ اس پراجیکٹ پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئی گی اور یہ اگلے سال مارچ تک مکمل ہوجائے گا۔ تقریب میں انجمن حسینیہ کے ڈپٹی سیکرٹری آغا منیر حسین نے بس ٹرمینل کی تعمیر کو بہترین فلاحی منصوبہ اور اقدام قرار دیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ اور ایم پی اے سید اقبال میاں کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل ایم پی اے سید اقبال میاں نے باقاعدہ کتبہ کشائی کرتے ہوۓ بس ٹرمینل کا سنگ بنیاد رکھا اور آپرکرم کے عوام کو مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں