چیئرمین این ڈی ایم محسن داوڑ کا دورہ امریکا، کانگریس سمیت اہم شخصیات کےساتھ ملاقاتیں

واشنگٹن ڈی سی: مانیٹرنگ ڈیسک : نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین محسن داوڑ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا احترام اور سماجی و اقتصادی ترقی خطے کی امن و استحکام کو یقینی بنانے کی نہایت اہم ہیں۔ پاکستان کے عوام بالخصوص ضم شدہ علاقوں کے لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع سے لے کر کاروبار، مکانات کے نقصان اور اندرونی طور پر بے گھر ہونے تک، ان کی قربانیاں بے مثال ہیں.

چیئرمین محسن داوڑ واشنگٹن ڈی سی کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے سینیٹر کرس وان ہولن، کانگریس مین ڈین فلپس اور کانگریس مین ایمی بیرا سمیت امریکی کانگریس کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں کیں اور ہڈسن انسٹی ٹیوٹ اور ولسن سینٹر میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین محسن داوڑ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے عالمی اور علاقائی طاقتوں کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔ خاص طور پر اقتصادی میدان میں مضبوط پاک امریکہ شراکت داری اور جنگ زدہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین محسن داوڑ نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دینے کے ساتھ تعلقات کو متنوع بنانے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مضبوط پاک امریکہ شراکت داری کی ضرورت کو تقویت دی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سیلابوں کے دوران امداد پر امریکی حکومت اور امریکہ کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین محسن داوڑ نے امریکی قانون سازوں اور تھنک ٹینک کمیونٹی کو پاکستان کی سیاسی صورتحال اور خطے میں ہونے والی مختلف پیش رفتوں بالخصوص افغانستان سے امریکہ کے انخلا کے پیدا بعد ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بات چیت اور رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین محسن داوڑ نے کہا کہ جنہوں نے عالمی امن کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، خاص طور پر پاکستان اور افغانستان کے عوام، کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا اور نہ ہی تنہا چھوڑا جانا چاہیے۔ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ یہ صرف پاکستان کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے اور باقی دنیا کے لیے بھی خطرہ ہے۔ چیئرمین محسن داوڑ نے خبردار کیا کہ دنیا 40 ملین افغانوں کے بنیادی انسانی حقوق سے محرومی کو نظر انداز نہ کرے۔ خطے کی نازک صورتحال پاکستان میں امن اور خوشحالی کے لیے سازگار نہیں ہے۔

چیئرمین محسن داوڑ نے خطے میں خوشحالی اور امن کے فروغ میں اقتصادی ترقی اور رابطے کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدت میں، یہ ہماری معیشتوں کی مضبوطی اور دیگر ممالک کے ساتھ ہمارے رابطوں کی گہرائی ہے جو پائیدار امن کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لیے اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مزید موثر کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
چیئرمین محسن داوڑ نے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سفیر مسعود خان اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران سے بھی ملاقات کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں