بنوں ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) خیبر پختونخوا پولیس میں انضمام کے بعد سابق لیویز اور خاصہ داروں کو باقاعدہ پولیس ٹریننگ دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے، سب کیمپس بنوں پولیس لائن سنٹر میں شمالی وزیرستان، لکی مروت سب ڈویژن بیٹنی اور وزیر سب ڈویژن بنوں کے 38 لیویز اہلکاروں نے پولیس لاء ٹریننگ مکمل کرلی اس سلسلے میں بنوں پولیس دفتر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی آ ئی جی بنوں ریجن اول خان، ڈی پی او بنوں وسیم ریاض خان، ڈی پی ا و لکی مروت عبدالروف بابر قیصرانی، پولیس آفسران اور تربیت حاصل کرنے والے اہلکار شریک ہوئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی بنوں ریجن اول خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی علاقہ جات اور یہاں کا ہر طبقہ اضلاع کی نسبتاً زیادہ متاثر ہوا یہاں انفرانسٹراکچر کا نظام تباہ ہو چکا تھا قبائلی فورس خاصہ دار و لیویز کیلئے روز مرہ زندگی کی بنیادی ضروریات میسر نہیں تھیں پھر بھی یہاں کی غیرت مند فورس نے دہشت گردی کے خلاف لڑنے سے پیچھے نہیں ہٹے اور یہ مثال اب پولیس کی ڈیوٹی دیتے ہوئے بھی دہرائیں گے کیونکہ یہ فورس بہترین صلاحیتوں کی مالک ہے، تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ہم لیویز کا حصہ تھے ہم قانون کی تربیت سے محروم تھے لیکن پولیس میں ضم ہو کر تربیت مکمل کر لی اور ہماری آنکھیں کھول گئیں کہ ہم بھی پولیس کا حصہ بن گئے انشاء اللہ اپنی صلاحتیں عوام کی خدمت کیلئے بروئے کار لائیں گے، تقریب کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے سابق لیویز اہلکاروں کو اسناد دیئے گئے اور اب اُنہیں باقاعدہ تھانہ جات میں ڈیوٹیوں پر لگایاجائے گا۔
