جنوبی وزیرستان محسود قبائل کا ٹانک میں پولیٹیکل کمپاؤنڈ میں گرینڈ جرگہ

جنوبی وزیرستان(دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ڈی سی ساؤتھ وزیرستان کمپاونڈ جرگہ ہال ٹانک میں درے محسود قبائل کے مشران، ریٹائرڈ سول و ملٹری بیوروکریٹس کا مشترکہ گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، گرینڈ جرگے میں ملک مسعود احمد، ملک احمد حسین، ملک اقبال، ملک نورخان، ملک حاجی محمد، سابقہ سینٹر صالح شاہ، بریگیڈئیر ( ر ) امیر محمد برکی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ( ر) رحمت خان، ( ر ) کرنل متین، ( ر ) کرنل یعقوب و دیگر نے شرکت کی، گرینڈ جرگے نے حکومت کے سامنے پانچ مطالبات رکھے، جسمیں سرفہرست علاقے میں امن وامان کا قیام برقرار رکھنا جو علاقے کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے انہوں نے علاقہ محسود کی ازسرنو مردم شماری کرانے کا مطالبہ دہرایا، انکا کہناتھا کہ جب مردم شماری کیلئے ٹیمیں علاقہ محسود میں پہنچی اس وقت متاثرین کی واپسی کا عمل جاری تھا اور آج بھی ایسے علاقے موجود ہیں جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی تو پھر محسود قوم کیسے مردم شماری کو تسلیم کریں، لہذا ضروری ہے کہ علاقہ محسود کی ازسر نو مردم شماری کی جائے۔ انکا تیسرا مطالبہ تباہ شدہ مکانات کے سروے کاعمل جلد از جلد مکمل کرکے متاثرین کو امدادی چیک فراہم کئے جائیں اور جن علاقوں کا سروے نہیں ہوا ان کا بھی جلد سے جلد سروے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے75 فیصد آبادی اورعلاقے پر مشتمل علاقہ محسود میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کی تعمیرکا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے حکومت سے علاقے میں گیم چینجر ترقیاتی منصوبوں جیسے علاقہ محسود سے افغانستان تک اقتصادی راہداری کو شروع کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ وہاں مقیم آبادی کو اپنے علاقے میں ہی باعزت روزگار کے مواقع میسر آسکیں اور وہ اپنے بچوں کو معیاری تعلیم سے روشناس کرسکیں۔ گرینڈ جرگے نے ان مطالبات کیلئے حکومتی عہدیداروں سے مزاکرات کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں