میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے شوال میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ اور ائی ای ڈی دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید دو زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع تصدیق شدہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے دور افتادہ علاقے شوال میں ڈابر میانی کے مقا م پر ہفتے کو سییکورٹی فورسز کے اوپر نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار سید رحمان موقع پر شہید ہوا جبکہ دو اہلکار لانس نائیک طارق اور لانس نائیک عاطف زخمی ہوئے جن کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کاروائی کی اور علاقے میں سرچ اپریش بھی کیا جس کے دوران ایک ائی ای ڈی بھی دھماکے سے پھٹ گئی تاہم اس میں سیکورٹی فورسز کے جوان محفوظ رہے۔ شوال شمالی وزیرستان کا انتہائی مغرب میں واقع پاک افغان سرحد کے ساتھ متصل علاقہ ہے جہاں ہر طرف گھنے جنگلات اور اونچے اونچے پہاڑ ہیں اور جس کو ضرب عضب کے بعد سے اب تک کلیئر قرار نہیں دیا گیا ہے۔ اس علاقے میں اکثر اوقات سیکورٹی فورسز کے چیک پوسٹوں پر حملے ہو تے رہے ہیں۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments