شمالی وزیرستان میں دو قبائل کے مابین بھاری ہتھیاروں سے جنگ چھڑ گئی، بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ

میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تحصیل میرعلی کے دو بڑے قبائل ایپی اور مادی خیل کے مابین اراضی کے تنازعے پر جنگ چھڑ گئی ہے، لڑائی میں بھاری ہتھیار مارٹر گولے اورخود ساختہ میزائل کا استعمال بھی کیا جارہاہے، جس سے ایک دوسرے کے مورچوں کے علاوہ مکانات بھی نشانہ بنائے جارہے ہیں، پولیس زرائع کے مطابق دونوں قبیلوں کے مابین عرصہ دراز سے اراضی کا تنازعہ چلی آرہی ہے، جس کے کیسز کورٹس میں بھی پیش کئے گئے ہیں، اس سے قبل بھی کئی دفعہ بھاری ہتھیاروں سے ایپی اور مادی خیل قبیلوں کے مابین جنگیں ہوگئی ہیں، جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوگئی ہیں، اس بار بھی بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا خدشہ ہے، تاہم ایک دوسرے کے خون کے پیاسے دونوں فریقین کے مابین لڑائی کو روکنے کیلئے دن کی روشنی کا انتظار کیا جارہا ہے، جہاں مقامی عمائدین ، انتظامیہ اور پولیس متحارب قبیلوں کے مابین سیز فائر کرنے کیلئے کارروائی شروع کرینگے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دیگر قبائلی اضلاع سے زیادہ اراضی کے تنازعات چلے آرہے ہیں، جن کے کسز کورٹ میں بھی پیشیاں ہورہے ہیں، مگر مسائل حل کے بجائے خراب ہوتے جارہے ہیں، سینیئر صحافی عمردراز وزیر نے دی خیبر ٹائمز کو بتایا ہے، کہ اراضی کے تنازعات کا حل نہ ہونا ایک طرف جبکہ اپریشن ضرب عضب کے بعد اسلحہ رکھنے کا تو کوئی بھی جواز نہیں بن رہاہے، جبکہ اس کے برعکس بھاری آتشین اور خطرناک اسلحہ کا استعمال انسان کی سوچ سے بھی بالاتر ہے، جہاں آئے روز قبائل ایک دوسروں کے خلاف استعمال کررہی ہے، ان کا کہنا تھا، کہ جب سے قبائلی اضلاع کا صوبے کے ساتھ باقائدہ انضمام ہوچکا ہے، اس کے بعد عدالت نے بھی کام شروع کیا ہے، مگر مسائل جوں کے توں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں