(watermarked_img_15795397423799554692.png) to rank on Google Images.

ن لیگ کی حکومت مفلوج، پی ڈی ایم میں ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا: ایمل ولی خان

اسلام آباد( دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے موجودہ وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن) پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت مکمل طور پر مفلوج ہے اور اس نے ماضی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اتحاد کے دوران اے این پی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
سینیٹ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ایمل ولی خان نے وفاقی بجٹ، حکومتی پالیسیوں اور ن لیگ کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بجٹ کی تیاری اور اس کے مندرجات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ یہ بجٹ پاکستان نے بنایا ہے یا آئی ایم ایف نے؟ مسلم لیگ (ن) کے اپنے ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی بجٹ والے دن ہی پتہ چلا ہوگا کہ بجٹ اصل میں ہے کیا؟ کیونکہ یہ عوامی نمائندوں کا بنایا ہوا بجٹ ہی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف سے تیار شدہ آیا ہے، جس میں حکومت ذرا برابر بھی تبدیلی کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کابینہ کے اہم اراکین بالخصوص وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی حکومت میں شمولیت پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی یا محمد اورنگزیب کو تو ہم نے کبھی مسلم لیگ (ن) میں نہیں دیکھا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ن لیگ صرف نام کی حکومت چلا رہی ہے۔
ن لیگ کی موجودہ سیاسی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم کے دور میں سیاسی فوائد کیلئے اے این پی کے ساتھ مخلصی نہیں دکھائی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کی موجودہ حکومت شدید دباؤ کا شکار اور مفلوج ہو چکی ہے، اور آج ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، یہ میاں نواز شریف کی سوچ اور ان کا سیاسی نظریہ ہرگز نہیں ہو سکتا۔