پی ڈی ایم اے نے شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے ماہوار اخراجات کیلئے 18کروڑ 46 لاکھ کا فنڈز ریلیز کردیا

پشاور( دی خیبرٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک ) پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخواہ نے شمالی وزیرستان کے پندرہ ہزار سے زائد بے گھر متاثرین کیلئے ماہوار مالی امداد کے سلسلے میں اٹھارہ کروڑ 46لاکھ روپے کے فنڈز ریلیز کردئے جو کہ ائندہ ایک دو دنوں میں تمام متاثرین کو حسب معمول سم کارڈ میسجز کے ذریعے سے موصول ہو نا شروع ہو جائینگے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حالیہ ریلیز اس سلسلے کی 83واں قسط ہے جو جون 2014 سے اب تک شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کو باقاعدگی سے دیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذکورہ فنڈز شمالی وزیرستان کے ان تمام 15ہزار 229 تصدیق شدہ اور رجسٹرڈ شدہ خاندانوں کو فی خاندان 12ہزار روپوں کے حساب سے دیا جا رہا ہے جن کی ابھی تک اپنے اپنے علاقوں میں واپسی نہیں ہوئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے مطابق متاثرین خاندانوں کے ساتھ ماہوار بنیادوں پر مالی امداد اس لئے کی جاتی ہے تاکہ بے گھر ہونے والے ان غریب لوگوں کی مالی مشکلات کوکم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیبر اور شمالی وزیرستان کے متاثرین جن کی واپسی نہیں ہو ئی ہے، کو راشن کے بدلے فی خاندان مزید اٹھ ہزار کی مالی مدد بھی دی جا تی ہے اور اس مد میں ہر ماہ 11کروڑ 52لاکھ روپے کے فنڈز ریلیز کئے جا تے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں