شمالی وزیرستان میں احساس پروگرام مراکزمیں سہولیات نہ ہونےکےخلاف میرانشاہ پریس کلب کےسامنےشہریوں کااحتجاجی مظاہرہ

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میرانشاہ میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے احساس کیش پروگرام کے مراکز میں سہولیات کی کمی کے خلاف مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے مین روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔منگل کو مختلف علاقوں سے ائے ہوئے مقامی لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں احساس کیش پروگرام میں سہولیات کی کمی کے خلاف احتجاج اور مراکز کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ شامل تھا۔ مظاہرین میں سے قبائلی رہنماء ملک حبیب اللہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ میرانشاہ میں احساس پروگرام کے فقط دو مراکز ہیں جن میں ڈیوائسز کی تعداد بھی بہت کم ہیں جس کے باعث دور دراز علاقوں سے ائے ہوئے خواتین مایوس لوٹ جاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ احساس مراکز میں نہ تو صارفین کیلئے سائے کا انتظام ہے اور نہ ہی پینے کے پانی کا جس کے باعث برقعوں میں ملبوس خواتین کو شدید مشکلات پیش اتی ہیں۔ مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا کہ میرانشاہ میں احساس کیش پروگرام کیلئے کم ازکم پانچ مراکز کھول دئے جائیں اور ان مراکز میں لوگوں کیلئے پینے کے صاف پانی اور سائے کا بھی انتظام کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں