اسلام آباد ( دی خیبرٹائمز کرائمز ڈیسک ) مس شائستہ بانو گیلانی نے بطورایکٹنگ چیئرپرسن سی سی پی اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے 28 اپریل 2020 کے اجلاس میں اس تقرری کی منظوری دی گئی تھی جس کے بعد فائنانس ڈویژن نے اس سلسلے میں بروزپیر نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
مس شائستہ بانو کنگز کالج ، یونیورسٹی آف لند ن سے ” اکنامکس فار کمپیٹیشن لا” میں ماسٹرز ڈگری کی حامل ہیں اور انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بھی ماسٹر ڈگری حا صل کر رکھی ہے ۔وہ اے سی سی اے کی ڈگری بھی حاصل کر چکی ہیں ۔
مس شائستہ بانو 2007 تک سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں بطور ڈپٹی رجسٹرار آف کمپنیز کے کام کر چکی ہیں ۔ مس شائستہ نے اپریل 2019 میں بطور ممبر سی سی پی چارج سنبھالا۔ مس شائستہ بطور ممبر سی سی پی تقرر سے پہلے بھی بطور ڈائریکٹر جنرل کارٹلز اینڈ ٹریڈ ایبیوزز سی سی پی کی مرکزی ٹیم کا حصہ تھیں اور اس دوران انہوں نے انڈسٹری کے مختلف شعبوں میں بہت اہم انکوائریز کیں جن میں ٹیلی کمیونیکیشن، الیکٹرانک میڈیا، بجلی کی پیداوار اور تقسیم، سی این جی، شوگر، سیمنٹ اور سٹاک ایکسچینج کے شعبے شامل ہیں ۔ان تحقیقات کے نتیجے میں اہم شعبوں میں بڑے کارٹلز کا سراغ لگایا گیا ۔