خیبرپختونخوا کے شہری ملک کی تاریخ میں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ کا سامنا کررہی ہے، جماعت اسلامی

پشاور( پ ر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بھاری بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پشاور میں امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کی قیادت میں نشتر آباد چوک سے ہشتنگری چوک تک مظاہرہ کیا گیا جس میں سابق امیر ضلع عتیق الرحمن، حمد اللہ جان بڈھنی سمیت کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اس وقت خیبرپختونخوا شدید ترین لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے۔ شدید گرمی میں لوگ لوڈ شیڈنگ کی اذیت برداشت کر رہے ہیں اور چند گھنٹے جو بجلی میسر ہوتی ہے اس کا بل بھی ہزاروں میں آتا ہے، جو کہ عوام کی برداشت سے باہر ہے۔ ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف خیبرپختونخوا میں روزانہ کی بنیاد پر احتجاج اور دھرنے ہو رہے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، دوسری طرف آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدوں کا تمام بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ اب فکسڈ چارجز کی صورت میں عوام سے ہر ماہ مزید اربوں روپے بٹورے جائیں گے۔ گزشتہ حکومتوں نے آئی پی پیز کی صورت میں سفید ہاتھی عوام پر مسلط کر رکھے ہیں جو کہ مسلسل پاکستان کا خزانہ ہڑپ رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف پاکستان کی بجلی کی ضروریات پوری نہیں کر رہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ان آئی پی پیز سے پاکستان کو چھڑایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ آج جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو احتجاج مزید سخت ہو سکتا ہے، کیونکہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبے کے باقی حصوں میں بھی بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں