پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے شمالی وزیرستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے نوجوان امیدوار برائے جنرل کونسلر ویلج کونسل حیدرخیل مصورداوڑ کی نامعلوم افراد کی جانب سے شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کل بروز بدھ 23 مارچ کو تمام اضلاع میں صبح 11 بجے ضلعی سطح پر احتجاجی مظاہرے کرے گی ۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری مذمتی بیان میں ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ضلعی تنظیمیں اس ناروا عمل اور ظلم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔وزیرستان سمیت پورے صوبے میں امن و امان کے حالات خراب سے خراب تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔
ویلج کونسل حیدرخیل سے اے این پی کے امیدوار مصورداوڑ کو دن دیہاڑے شہید کردیا گیا۔ایک نوجوان کو صرف اس لئے شہید کیا گیا کہ وہ مترقی اور جمہوری سوچ کے ساتھ کھڑا تھا۔امن و امان واپس لانے کے دعوے صرف دعوے ہی ہیں، آج بھی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف مصورداوڑ کی شہادت نہیں بلکہ عوامی نیشنل پارٹی کی سوچ اور سیاست پر حملہ ہے۔بھرے بازار میں ایک سیاسی کارکن کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتل بھاگنے میں بھی کامیاب ہوجاتے ہیں۔ملک کے ہر شہری کا تحفظ ریاست و حکومت کی ذمہ داری ہے، مصورداوڑ کے قاتلوں کو سامنے لایا جائے۔
Load/Hide Comments