پٹرولیم انسٹیٹیوٹ کرک بورڈ آف گورنر کا تیسرا اجلاس، پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ کے قیام پر تفصیلی بریفنگ، منصوبے کی تکمیل پر 2 ارب روپے کی لاگت آئے گی

پشاور ( دی خیبرٹائمز جنرل رپورٹنگ ڈیسک ) پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ آف کرک کے بورڈ آف گورنرز کا تیسرا اجلاس محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا میں منعقد ہوا- بی او جی اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان نے کی- اجلاس میں ادارے کے قیام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا- پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ کے قیام پر 2 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
اجلاس کو منصوبے پر جاری پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی- بورڈ آف گورنرز اجلاس کو بتایا گیا کہ ادارے میں کرائے جانے والے کورسز کو حتمی شکل دینے کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں- پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ میں چار شعبوں میں ڈپلومہ کورسز کرائے جائیں گے- ڈرلنگ ٹیکنالوجی، پروڈکشن ٹیکنالوجی، میکینکل ٹیکنالوجی، الیکٹریکل اینڈ انسٹرومینٹیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کورسز کرائے جائیں گے- اس کے علاوہ ادارے میں 3 سے 6 ماہ کے شارٹ کورسز بھی کرائے جائینگے بورڈ آف گورنرز نے شارٹ کورسز کے لئے محکمہ انڈسٹریز اور ٹیوٹا کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی اجلاس کو منصوبے کے لیے اراضی کے حصول پر بھی بریفنگ دی گئی اراضی کے حصول کا عمل جلد مکمل ہوجائیگا پیٹرولیم انسٹیٹیوٹ آف کرک کے قیام سے مقامی آبادی خصوصاً نوجوانوں کو آئل اینڈ گیس کے شعبے میں تکنیکی مہارت حاصل ہوگی کرک میں ادارے کے قیام کا مقصد علاقے میں موجود تیل و گیس کے وافر ذخائر میں موجودگی ہے جن کو بروئے کار لاکر نہ صرف اس علاقے بلکہ صوبے سمیت پورے ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کی جاسکیں گی.

اپنا تبصرہ بھیجیں