کوہاٹ پولیس نےبین الصوبائی کارلفٹرگروہ کےسرغنہ کوگرفتارکرکےچارمسروقہ گاڑیاں برآمد


کوہاٹ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) کارلفٹر گروہ کےدوماسٹرمائنڈارکان کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔ نواز شریف،حاجی صاحب،ڈاکٹر صاحب اور دیگرمختلف ناموں سے پہچانےجانیوالےبین الصوبائی کارلفٹر گروہ کے سرغنہ کا تعلق چارسدہ سے ہے جسے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران سراغ لگاکر حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے کار لفٹنگ کی وارداوتوں میں استعمال ہونے والی ماسٹر چابی بھی بر آمد کر لی گئی ہے۔ ڈی ایس پی سٹی بشیر داد نے ایس ایچ او سٹی فیاض خان اور ایس ایچ او کینٹ عرفان خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مختلف اوقات میں شہر کے مختلف مقامات سے گاڑیاں چوری کی وارداتیں رونما ہونے کے واقعات کے مقدمات تھانہ سٹی میں درج کرتے ہوئے پولیس نے گاڑیاں چوری کرنے کی ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ کار لفٹنگ کی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان نے انکی سربراہی میں ایس ایچ او سٹی اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی سراغ رساں ٹیم تشکیل دیکر چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا۔پولیس کی اس سراغ رساں ٹیم نے تفتیش کو آگے بڑھایا اور تفتیش کے جدید ذرائع سے استفادہ کرتے ہوئے پولیس نے قلیل وقت میں ملزمان کا کھوج لگایا اور مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیوں کا انعقاد کرکے گروہ کے دو ارکان کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے چوری شدہ سوزوکی وین برآمد کرلی۔ڈی ایس پی بشیر داد نے بتایا کہ سٹی پولیس نے گزشتہ روز ایک اور کامیاب کاروائی کے دوران کار لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ ہمشیر علی شاہ ولد گل شید سکنہ محلہ گل آباد چارسدہ کو کوہاٹ شہر سے مسروقہ پک اپ گاڑی پاڑا چنار لے جاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اسکی نشاندہی پر ابلن افغان مہاجر کیمپ میں کھڑی چوری کی مزید دوسوزوکی گاڑیاں برآمد کرکے تحویل میں لے لی ہیں۔ڈی ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے مختلف اوقات میں شہر کے مختلف مقامات سے چوری شدہ چار گاڑیاں برآمد کرکے قبضے میں لی گئی ہیں جن میں سوزوکی وین، سوزوکی پک اپ اور پک اپ ڈاٹسن گاڑیاں شامل ہیں۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کوہاٹ شہر کے مختلف علاقوں اور صوبائی دارلحکومت پشاور سمیت دیگر اضلاع چارسدہ،نوشہرہ،مردان،تیمرگرہ اور قبائلی اضلاع کے علاوہدیگر صوبوں سے گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتیں برپا کرکے ان گاڑیوں کے نمبر پلیٹ اور دیگر پرزے تبدیل کرنے کے بعد اونے پونے داموں فروخت کرتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں زیر حراست ملزم نے کار لفٹنگ،چوری چکاری اور جرائم کی دیگرمتعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے دوران انٹاروگیشن مزید اہم انکشافات بھی متوقع ہیں۔ڈی ایس پی نے مزیدبتایا کہ گرفتار ملزم مختلف علاقوں میں نواز شریف،حاجی صاحب،ڈاکٹر صاحب اور دیگر ناموں سے پہچانا جاتا تھا جبکہ اس نے جعلی شناختی کارڈز اور سروس کارڈبھی بنا رکھے تھے جو کہ ملزم کے قبضے سے برآمد کرلئے گئے ہیں اور گاڑیاں چوری کرنے کی وارداتوں میں استعمال ہونیوالی ماسٹر چابی بھی زیر حراست ملزم کے قبضے سے برآمد کرکے تحویل میں لی گئی ہے۔ڈی ایس پی سٹی بشیر داد نے بتایا کہ زیر حراست ملزم کوتھانہ سٹی میں درج کار لفٹنگ کی مقدمات میں باضابطہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے جنہیں مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں