الخدمت فاونڈیشن نے کلین اینڈگرین پاکستان کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں شجرکاری مہم کا آغازکردیا

الخدمت فاونڈیشن پاکستان نے کلین اینڈگرین پاکستان کے تحت خیبر پختونخوا میں بھی میگا شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ھے جس کے تحت صوبہ بھر کے مختلف اضلاع کی جامعات ،کالجوں، سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں 20 لاکھ تک پودے لگائے جائیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت ملک بھر میں الخدمت میگا شجرکاری مہم کاپہلے ہی لاہور سے آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں1 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ کلائمیٹ چینج اور پاکستان کو درپیش دیگر مسائل کا مقابلہ کیا جاسکے۔
الخدمت میگا شجرکاری مہم کا آغاز خیبر پختوںخوا میں چارسدہ کے باچاخان یونیورسٹی سے کیا گیا جہاں الخدمت رضاکاروں، طلبہ وطالبات نے 10 ہزار سے زائد پودے لگائے۔
اس موقع پر یونیورسٹی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختوںخوا کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کی۔تقریب میں سیکرٹری کلائمیٹ چینج خیبرپختوںخوا سید نظرحسین شاہ، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ اور ڈین آف فیکلٹی سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد سعید مہمانان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کلائمیٹ چینج خیبر پختوںخوا سید نظر حسین شاہ نے کہا کہ ماحولیات کی حفاظت کرنا ہم سب کا اخلاقی، معاشرتی اور قومی فریضہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ درخت لگانے سے ہم ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں جس سے ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پودا لگانا آسان ہے لیکن پودے کی نگہداشت کرنا مشکل اور ضروری کام ہے۔ اگر کوئی پودا لگاکر اس کی نگہداشت کرنے میں ناکام رہا تو سمجھ لو کہ اس نے اس پودے کا قتل کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر کی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز میں اساتذہ اور طلباء اپنے ناموں سے پودے لگائیں اور پھر ان کو درخت بنتا دیکھ کر یقین کرلیں کہ وہ آنے والی نسلوں کے لئے ماحول کو بہتر بنا رہے ہیں اور اس کی حفاظت کررہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر محمد مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ الخدمت شجرکاری مہم کے تحت ملک کے ان حصوں میں پودے لگا رہی ہے جہاں ان کی حفاظت اور نگہداشت کی جا سکے۔
انھوں نے کہا کہ یہ پودے ایک جذبہ کے تحت لگائے جارہے ہیں اور یہی اس مہم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
انھوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا فلاحی سرگرمیوں میں سب سے زیادہ ایکٹیو اور پروگریسیو ہے اوریہ بات اس مہم کی کامیابی کو یقینی بناتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سمارٹ فارسٹ ٹیکنالوجی متعارف کروا رہی ہے جس کے ذریعے سے ڈونر دیکھ سکے گا کہ اس کا پودا کہاں لگا ہے اور اس کی کیسی دیکھ بھال ہورہی ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص نے کہا کہ ملک بھر میں درخت لگانے سے قوم اس قابل ہو جائے گی کہ وہ کلائمیٹ چینج اور دیگر قدرتی آفات کا مقابلہ کرسکیں۔
انھوں نے کہا الخدمت ہمیشہ سے لوگوں کو ایسے صحتمندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھتی ہے تاکہ ایک فلاحی معاشرے کو فروغ دیا جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر حصوں میں بھی پودے لگانے کا مہم شروع کیا جا چکا ہے۔
خالد وقاص نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور الخدمت کا کلین اینڈ گرین پاکستان مہم میں ساتھ دیں۔
تقریب سے دیگر مقررین الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی نائب صدر حافظ حمید اللہ ایڈوکیٹ، ڈائریکٹرشعبہ الخدمت وولنٹیئر شاہ زمانی درانی نے بھی خطاب کئے۔
تقریب میں شہید بےنظیر بھٹو وومن یونیورسٹی کی فیکلٹی ممبرنورین منیب، سوشل ایکٹیویسٹ ڈاکٹر کائینات، پشاور یونیورسٹی، سٹی یونیورسٹی، باچا خان یونیورسٹی کے طلباء وطالبات، الخدمت سکولزاور چائلڈ پروٹیکشن کے طلباء نے شرکت کی۔
بعد ازاں الخدمت رضاکاروں اور معززمہمانوں میں یادگاری شیلڈز تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں