پشاور(دی خیبر ٹائمز ہیلتھ ڈیسک) پولیس ہسپتال میں فارماسسٹ کی تقرریوں کے معاملے پر ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں میں ٹھن گئی ہے، صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پولیس اینڈ سروسز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے گریڈ 18 اور 17 کے فارماسسٹس کو ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں کا اضافی چارج دینے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ گریڈ 18، 19 اور 20 کے ڈاکٹروں کی موجودگی کے باوجود فارماسسٹ کو ڈی ایم ایس کا چارج دینا ایم ایس کی نا اہلی ہے۔ پی ڈی اے کے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس غیر قانونی آرڈر کو فی الفور واپس لیا جائے فارماسسٹ کے ساتھ ڈاکٹر لکھنا غیر قانونی ہے کیونکہ پی ایم ڈی سی پانچ سال قبل ایسا لکھنے سے منع کر چکی ہے۔ پی ڈی اے صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ ایم ایس کو تبدیل کیا جائے۔ ہسپتال کے ایم ایس نے آٹھ مئی کو انعام الحق اور احسان اللہ جو فارماسسٹ ہیں کو ہسپتال کے ڈی ایم ایس کے عہدے کا اضافی چارج دیا ہے۔