ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹرکا لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے والے ممالک کو انتباہ

پشاور(دی خیبر ٹائمز انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی بحر الکاہل کے لیے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تاکیشی کاسائی نے آن لائن نیوز کانفرنس میں کہا کہ یہ لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا وقت نہیں ہے۔ اس کے بجائے ہمیں کچھ عرصے تک خود کو نئی طرز زندگی کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ مشورہ ایک ایسے موقع پر دیا ہے جب امریکہ کی کئی ریاستوں میں کاروبار کھولنے کے لیے مظاہرے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایشیا اور یورپ کی کئی حکومتیں لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے پر غور کر رہی ہیں ۔عالمی ادارہ صحت نے اپنے ایک وفد کو یورپی ملک بیلارس بھی بھیجا تاکہ وہ اس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پر زور دے کہ وہ اپنے ملک میں لاک ڈاؤن کریں۔ بیلارس کی حکومت نے اپنے شہریوں کو سماجی فاصلے کی ہدایت تک نہیں کی۔ صدر لوکاشینکو نے ماننے کے بجائے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او والے ہم سے محبت نہیں کرتے۔ یہ بین الاقوامی ادارہ ہے جس میں بہت سی سیاست ہوتی ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے ری پبلکن گورنر ڈین پیٹرک نے پیر کو کہا کہ تھوڑا خطرہ مول لے کر کاروبار کھولنا پڑے گا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ دئیے گئے ایک انٹرویو کا بھی دفاع کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وبا کے دوران معیشت کی خاطر بزرگ شہریوں کو اپنی جان داؤ پر لگانے سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔
برطانوی پارلیمان کا طویل تعطیل کے بعد منگل کو دوبارہ اجلاس شروع ہو رہا ہے جس کے ساڑھے چھ سو ارکان میں سے صرف 50 حاضر ہوں گے، جبکہ باقی ارکان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کارروائی میں حصہ لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں