حکومت خیبر پختونخوا نےعیدالاضحٰی پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق بارے مراسلہ جاری کردیا ۔

پشاور ( دی خیبر ٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کھالیں جمع کرنےکے لئےمتعلقہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن / ڈسٹرکٹ پولیس سے اجازت لینی ہوگی۔
صرف حکومتی اداروں کیساتھ رجسٹرڈ تنظیموں، فلاحی اداروں اور دینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔رجسٹرڈ تنظیمیں وغیرہ ضابطہ اخلاق پر دستخط کریں گے اور سختی سے پابند رہیں گے۔کھالیں جمع کرنے کے لئے کیمپ لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔گاڑیوں پر لاؤڈ سپیکر، جھنڈے لگاکر یا مساجد، مدرسوں اور دفاتر سے کسی قسم کا اعلان کرنےکی اجازت نہیں ہوگی۔ پوسٹر یا بینر کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی ،کھالیں اپنی مرضی سےدینا قربانی کرنے والوں کا بنیادی حق ہے۔ انہیں یہ حق استعمال کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہونا چاہئے ،گھر گھر جاکر زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ، محلے اور علاقے میں مساجد، مدارس اور فلاحی ادارے موجود ہیں لوگ بذات خود بھی اپنی مرضی سے جاکر کھالیں جمع کرواسکتے ہیں ،
کھالیں جمع کرنے والی تنظیموں، اداروں اور مدارس کے کارکن جب کھالیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیدوران پاس قومی شناختی کارڈ ، ادارے کا کارڈ اور کمشنر / ڈپٹی کمشنر کی طرف سے اجازت نامہ کی نقل ہونی چاہیے ، قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اختیار ہوگا کہ وہ کھالیں ضبط کرلیں۔ ہر ادارہ ، تنظیم اور مدرسہ اپنے علاقے کے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو تحریری طور پر ایک مقام سے دوسرے مقام پر کھالیں منتقل کرنے کا جامع پلان پیشگی جمع کروائے گا ،
عیدالاضحٰی کے تینوں دن کسی قسم کا اسلحہ، ڈنڈے ، لاٹھی یا سلاخیں وغیرہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔ اس پابندی کا اطلاق لائسنس یافتہ اسلحے پر بھی ہوگا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے جگہ جگہ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک چیک کریں گے اور تلاشی لیں گے تمام پارٹیاں ، تنظیمیں ، ادارے اور مدارس اپنے کارکنان کو ہدایت دیں کہ اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں ، بغیر اجازت نامہ کے کھالیں جمع کرنےیا
دیگر ضابطہ اخلاق کی شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ادارے ،تنظیم اور اس کے کارکنان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی اور کھالیں بھی ضبط ہوگی۔تمام کلعدم تنظیموں کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی قطعاً اجازت نہیں ہوگی ، درخواست گزار کو متعلقہ سیکیورٹی اداروں سے کلیٔرنس حاصل کرنا لازم ہوگا۔
شکایات کے ازالے کیلئےمحکمہ داخلہ خیبر پختونخوا ، کنٹرول روم کے
فون نمبرز /92100369210300-091
0946-9240226 پر رابطہ کیاجا سکتا ہے
امن وامان کو قائم رکھنے اور دیگر ناخوشگوار واقعات سے بچنے کیلئے حکومت خیبر پختونخوا نے ضابطہ اخلاق جاری کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں