شمالی وزیرستان( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تمام قبائل نے اعلان کیا ہے کہ اگر 9 مئی تک واپڈا والوں نے بجلی کی فراہمی کا دورانیہ دو گھنٹوں سے 6 گھنٹوں تک نہ بڑھایا تو شمالی وزیرستان کے علاقے سے واپڈا کی تمام تنصیبات کو ہٹا دینگے اور پورے وزیرستان میں واپڈا کے دفاتر کو تالے لگائے جائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار شمالی وزیرستان کے داوڑ اور وزیر قبیلوں پر مشتمل مشران ملک عثمان وزیر، ملک حبیب اللہ داوڑ، ملک محمد رحمان ملک حق داد اور ملک امشاد اللہ نے ایک مظاہرے کے دوران کیا۔ اتمانزئی داوڑ اور وزیر قبیلے کے سرکردہ مشران نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ کئی بار جرگے کئے اور انہیں صورتحال سے اگاہ کیا کہ واپڈا والے وزیرستان کے ساتھ ایک عرصے سے مسلسل ظلم کا نظام روا رکھے ہوئے ہیں تاہم وہاں سے بھی بے بسی ظاہر کی گئی ۔ جس کے بعد عوام کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا کہ واپڈا کو اپنے علاقے سے نکال دیا جائے ۔ مشران نے دو ٹوک الفاظ میں دھمکی دی ہے کہ نہ تو وہ اپنی زمینوں پر بجلی کی تاریں اور پول رہنے دینگے اور نہ ہی واپڈا والوں کو اپنے علاقے میں نقل و حرکت کی اجازت ہوگی ۔ مشران نے الزام لگایا کہ سال 2020 میں واپڈا کو 2 ارب روپے کے فنڈز ائے تھے لیکن اج تک ان پیسوں کو کوئی پتہ نہ چل سکا جس کیلئے ہم بہت جلد عدالت سے رجوع کرینگے ۔مشران نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلی جمعرات کو اس سلسلے میں وزیرستان کے تمام قبیلوں پر مشتمل ایک گرینڈ جرگہ بلایا گیا ہے جس میں اخری فیصلہ کیا جائے گا اور واپڈا کو یہاں سے بے دخل کیا جا ئے گا ۔
اہم خبریں
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments