ڈی پی اومہمند اور ٹرانسپورٹ یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب، تمام مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق

مہمند ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) ڈی پی او مہمند اور ٹرانسپورٹ یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب، تمام مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق، سکول اور ڈیوٹی کے اوقات میں ماربل گاڑیوں کی نقل وحرکت بند،خلاف ورزی کرنے پر گاڑی کو بند کرکے جرمانے عائد کیے جائینگے۔
تفصیلات کے مطابق مہمند گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے صدر عارف اللہ اور ڈسٹرکٹ پولیس افیسر ایاز خان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔اس موقع پر ڈی ایس پی انقلاب خان اور ڈی ایس پی نادر شیر سمیت ٹرانسپورٹ اور ماربل یونین کے چیئرمین زیت اللہ خان و عہدیدار بھی موجود تھے۔ مذاکرات میں فریقین کے درمیان تمام معاملات پر اتفاق ہوگیا جس کے مطابق صبح اور چھٹی کے اوقات میں ماربل گاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی ہوگی چھوٹے لوڈ ڈمپر دن کے 12 بجے کے بعد اجازت ہوگی جبکہ بڑی گاڑیوں کو شام 6 بجے سے صبح 7 بجے تک امدورفت کی اجازت ہوگی،اس کے علاوہ اوور لوڈنگ اور گاڑی سے باہر پتھر لانے والی گاڑی کو بند کرکے جرمانہ عائد کیا جائیگا، ڈی پی او مہمند نے کہا کہ ہم کسی کی روزگار بند نہیں کرنا چاہتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب لوگوں کا روزگار چلتے رہے۔ اور یہ ملکی اقتصادی ترقی کے لئے بھی فائدہ مند ہے ۔ اس موقع پر فریقین کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت کی خاطر تمام فیصلے کیے ہیں اور آئندہ بھی تمام مسائل گفت وشنید اور اتفاق رائے سے حل کریںگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں