بچھڑوں کوچھوٹےگوشت کےطورپرفروخت کرنیوالاگروہ گرفتار


پشاور(دی خیبرٹائمز ڈسٹکٹ ڈیسک) محکمہ خوراک نے کم عمر بچھڑوں کو چھوٹے گوشت کے طور پر فروخت کرنیوالے 2 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندرلودھی‘ سیکرٹری خوراک نثاراحمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک خیبر پختونخوا محمد زبیر کی خصوصی ہدایت پر زیر نگرانی راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر‘ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرزواجد علی‘ خالد خان اور فوڈ انسپکٹر بلال آفریدی نے پجگی روڈ پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پجگی روڈ کے ایک گودام میں بچھڑوں کو ذبح کیا جا رہا تھا جس کو بعد ازاں مختلف سٹورز لے جا کر اس کو چھوٹے گوشت کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر موجود 2 قصابوں کو گرفتار کرلیا۔ سیکرٹری خوراک نثار احمد نے گروہ کو بے نقاب کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو ناقص اشیائے خوردونوش کے فروخت کی اجازت نہیں دی جائیگی اور اس کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران سحری اور افطاری کے وقت کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرے اور لوگوں کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں