سابق خدائی خدمتگار تحریک کے اہم رہنما اور عوامی نیشنل پارٹی کے سابق صدر فضل حمید داوڑ شہید کی دسویں برسی میرعلی میں منائی گئی

میرعلی ( دی خیبر ٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی شمالی وزیرستان کے خدائی خدمتگار اور باچا خان کے قریبی اور معتمد ساتھی شہید فضل حمید کی دسویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جس میں پارٹی ورکز کے علاوہ عوام نے بھی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اے این پی شمالی وزیرستان کے صدر فضل ناصر، سابقہ صدور ملک اشرف خان داوڑ نثار علی خان داوڑ اور پارٹی ترجمان رفیع الدین داوڑ کے علاوہ پارٹی کے تمام قائدین نے برسی میں شرکت کی اور قرآن خوانی میں حصہ لیا۔ اس موقع پر اے این پی شمالی وزیرستان کے صدر فضل ناصر داوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم فضل حمید داوڑ پیدائشی خدائی خدمتگار تھے اور باچا خان کے ساتھ ان کے قریبی تعلق کی وجہ سے یہاں کے لوگوں میں وہ باچا خان ثانی کے لقب سے مشہور تھے۔ رفیع الدین داوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فضل حمید صرف ایک سیاسی ورکر نہیں تھے بلکہ ایک غیرت مند پختون رہنماء اور انسان دوست شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ وہ مضبوط عزم و ہمت کے مالک تھے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے طاغوتی قوتوں کے سامنے سر جُھکانے کے بجائے سر کٹانے کو ترجیح دی۔ تقریب سے ملک اشرف خان، ملک نثار علی خان، ملک رحمن اللہ اور دیگر نے بھی خطابات کئے اور فضل حمید مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ یاد رہے کہ آج سے دس سال پہلے فضل حمید مرحوم کو شدت پسندوں نے پہلے اغوا کیا اور بعد میں 5 دسمبر 2010 کو ان کی گولیوں سے چھلنی لاش میرانشاہ روڈ پر ملی جس پر شدید تشدد کے نشانات واضح طور پر دکھا ئی دیتے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں