شمالی وزیرستان میرانشاہ پریس کلب کے سامنےقبائلیوں کا احتجاج، چلغوزہ فصل کے کاٹنے کی اجازت دی جائے

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل کے علاقوں زوئی سیدگی اور گورویک ساتھ تعلق رکھنے والے قبائل کے سینکڑوں افراد نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ کے سامنے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مین روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رکھا اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ان کی سال بھر کی کمائی کا واحد ذریعہ چلغوزے کا فصل ہے جس کو پکنے کیلئے صرف ایک ہفتہ ٹائم رہ گیا ہے جبکہ حکومت نے انہیں اپنے علاقے میں جانے کی ابھی تک اجازت نہیں دی ہے۔مظاہرین کے ایک رہنماء ملک نور محمد اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت نے انہیں اپنے علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دی تو اربوں روپے کا چلغوزہ کا فصل ضائع ہوجا ئیگا جس کا برا ہ راست اثر ان کی سال بھر کی زندگیوں پر پڑے گا کیونکہ ان کی کمائی کا اور کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ ایک دوسرے تاجر رہنماء ملک نور ماجان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی اور ان کے فصل کو کوئی نقصان پہنچا تو اپنے بال بچوں کے ہمراہ پشاور اور اسلام اباد میں بسترے بچھا کر احتجاج کرینگے کیونکہ ہم اب بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ یاد رہے کہ تحصیل شوال اور دتہ خیل سے ہر سال ایک ارب سے زائد چلغوزے کا کاروبار ہوتا ہے جو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک چین، امریکہ اور وسطی ایشاء کے ممالک کو بھی چلغوزہ برآمد کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں