بنوں کے حدود میں شمالی وزیرستان کے بوراخیل قبیلےنے متحارب قبیلے کے خلاف مین روڈ پر ناکہ بندی، پولیس کی کارروائی، 30 گرفتار

بنوں ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) بنوں پولیس نے شمالی وزیرستان کے بوراخیل قبیلے کے 30 افراد کو مین روڈ پر ناکہ بندی لگانے اور امن عامہ میں نقص پیدا کرنے پر گرفتار کرکے ایف ائی آر درج کروائی ہے۔ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈا پور نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز شمالی وزیرستان کے بورا خیل قبیلے کے چند افراد نے ایف ار بنوں بکاخیل کی حددود میں مین میرانشاہ بنوں روڈ پر ناکہ لگا کر داوڑ قبیلے کی ذیلی شاخ حکیم خیل مبارکشاہی سے تعلق رکھنے والے افراد کو پکڑنے کیلئے ہر انے جانے والی گاڑی سے لوگوں کو اتار کر ان کے شناختی کارڈز چیک کروائے جاتے تھے جس کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس نے موقع پر پہنچ کر 30کے قریب لوگوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کرکے ایف ائی ار کا ٹ دی ہے جبکہ موقع سے خیمے اور دیگر سامان کو بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ڈی پی او کے مطابق بورا خیل اور حکیم خیل قبائل کے مابین اراضی کا پُرانا تنازعہ چلا ارہا ہے جس میں کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہو چکی ہیں۔ بدھ کو بورا خیل قبیلے نے بکاخیل کی حدود میں میں روڈ پر اپنے مخالف قبیلے کے افراد کی پکڑ دھکڑ کیلئے ناکہ بندی کرلی جو کہ قانونی طورپر ایک سخت جُرم ہے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جس کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عوام کے درمیان اس قسم کے تنازعات کے حل کیلئے اور بھی راستے موجود ہیں اور اس قسم کے اقدامات سے شمالی وزیرستان کے امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں