شمالی وزیرستان میں بیسٹ ٹیچرز/ پرنسپل ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد تقریب

میرانشاہ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان میں پہلی بار محکمۂ تعلیم کی طرف سے ضلع کی سطح پر بیسٹ ٹیچر اور بیسٹ پرنسپلز ایوارڈز کی تقسیم کی گئی جس میں دو پرنسپلز اور چالیس کے قریب اساتذہ کو ایوارڈز اور نقد انعامات سے نوازا گیا جبکہ متعدد پوزیشن ہولڈر طلباء میں بھی نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس مقصد کیلئے گورنر ماڈل سکول میرانشاہ میں ایک پُوقار تقریب منعقد کی گئی جس میں محکمۂ تعلیم سمیت ہر شعبہ ہا ئے زندگی سے نمایاں افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے انچارج ایجوکیشن افیسر سعید محمد نے کہا کہ ایوارڈ ز کا مقصد علاقے میں تعلیمی عمل میں نمایاں کردار ادا کرانے والے اساتذہ اور پرنسپلز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے کیونکہ اس علاقے میں ایک عرصے سے کرونا کے باعث تعلیمی عمل انحطاط کا شکار ہے جس کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہمارا ہی فرض ہے اور ہم نے ہی اس علاقے کے مستقبل کو سنوارنا ہے۔ اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر فدا خان وزیر نے اس موقع پر تمام ایوارڈز ہولڈرز ہو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور تعلیم اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ایسے میں ہم کسی بھی قسم کی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنے طلباء میں تعلیم کے حوالے سے ایک نیا جوش اور ولولہ بیدار کریں انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایک طرف اگر ایوارڈز سے اساتذہ کو نوازا جا رہا ہے تو دوسری طرف وہ اساتذہ جو ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت کے مرتکب پائے جا ئیں ان کے خالف تادیبی کاروائی کی جائیگی۔ تقریب میں مجموعی طور پر بیس لاکھ روپے کیش انعامات کی صورت میں تقسیم کئے گئے۔ پرنسپلز میں بیسٹ پرنسپل کا ایوار ڈ خلیل الرحمن داوڑ اور ہائیر سیکنڈری سکول عیدک کے پرنسپل حکیم اللہ خان کو دیا گیا جبکہ اساتذہ میں شاہد اللہ، عبداللہ نور، شیر اغا، محمد ناصر، گل مانور، پیر مالی خان، عبدالرازاق، نورزمان، عجب خان اور دیگر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں