درہ آدم خیل سے پنجاب اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار

کوہاٹ ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) درہ آدم خیل کے قریب ہائی وے پر اخوروال کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں سنیپ چیکنگ کی کاروائی میں موٹر کار سے بڑی تعداد میں خود کار ہتھیار برآمد کرکے اسلحے کی بین الصوبائی سمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ کاروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلحہ سمگلروں کے خلاف پولیس کی یہ دوسری بڑی کاروائی ہے۔ پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے غیر قانونی طور پر پنجاب کی صوبائی دارلحکومت لاہور سمگل کیا جارہا تھا۔ ڈی ایس پی درہ آدم خیل عابد خان آفریدی نے ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل انسپکٹر امجد حسین کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت درہ آدم خیل سے غیر قانونی طور پر اسلحہ کی بھاری کھیپ پنجاب سمگل کی جائے گی۔ اس اطلاع پر فی الفور کاروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ درہ آدم خیل امجد حسین نے پولیس نفری کے ہمراہ انڈس ہائی وے پر اخور وال کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں درہ بازار سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر LE-7703 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔ پولیس نے تلاشی کے دوران موٹر کار کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر 2 کلاشنکوف،2 کلاکوف، 3 رائفل، 2 پستول، 22 چارجرز اور مختلف بور کے 3300 کارتوس برآمد کرکے گاڑی میں سوار پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہتھیاروں کے4 بین الصوبائی سمگلروں ماجد چودھری ولد امجد حسین، محمد جاوید ولد چودھری محمد یونس، ہارون الرشید ولد عبدالرشید اور محمد اعظم ولد عبدالغفور ساکنان لاہور کو گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔ ڈی ایس پی عابد خان نے بتایا کہ اسلحہ سمگل کرتے ہوئے پکڑے گئے ملزمان کے خلاف تھانہ درہ آدم خیل میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور انہیں تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق پکڑا گیا ہتھیار درہ آدم خیل سے غیر قانونی طور پرپنجاب کی صوبائی دارلحکومت لاہور سمگل کیا جارہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر فی الفور کاروائی کرتے ہوئے ہتھیاروں کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور اسلحے کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن سے اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے بارے میں سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں