Commemorative graphic for 'The Khyber Times' featuring a vintage-toned photograph of the late journalist Sultan Shah in a warm embrace with Ibrahim Khan, alongside a dark section with lit candles and bold Urdu text honoring Sultan Shah.

صحافت کا سلطان: سماعت سے محروم مگر بصیرت کا آفتاب: الوداع اے صحافت کے سلطان!

“خصوصی تحریر: ابراہیم خان ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  “بشکریہ روزنامہ میدان پشاور

آدابِ عرض۔۔۔ ؛صحافت کا سلطان

خالقِ کائنات کا انصاف بلا شبہ سب سے افضل اور بے مثال ہے۔ وہ مالکِ ارض و سماء ہر شے پر قادر ہونے کے باوجود اپنی اشرف المخلوقات سے ایسا کرم اور انصاف فرماتا ہے کہ اگر کسی انسان سے کوئی ایک صلاحیت لے لے، تو اس کے بدلے دیگر صلاحیتوں کو اس قدر جلا بخش دیتا ہے کہ دیکھنے والی آنکھیں حیران رہ جائیں۔ انسانوں کے بنائے گئے معاشرے میں ایسے افراد کو “معذور” اور نئے زمانے میں “سپیشل” یا “خصوصی” کہا جاتا ہے؛ مگر پشاور کے شعبہِ صحافت میں ایک ایسا درخشاں ستارہ بھی موجود تھا، جس کی قدرت نے قوتِ سماعت تو محدود کر دی تھی، لیکن اسے بولنے والے کے ہونٹوں سے بات چوم لینے اور لبوں کی جنبش سے دل کی گہرائی اتر جانے کا ایسا اعجاز بخشا کہ عقل دنگ رہ جائے۔ ساتھ ہی اس کی فہم و فراست کو کئی گنا بڑھا دیا۔ ان خداداد صلاحیتوں کے امین، بے مثال صحافی کا نام سلطان شاہ تھا۔

سلطان کی قوتِ سماعت واقعی بہت محدود تھی؛ اللہ تعالیٰ نے جب اس کی سمعی قوت میں کمی رکھی تو اس کے سوچنے، سمجھنے اور پرکھنے کی بصیرت کو کئی گنا وسعت عطا کر دی۔ سلطان شاہ بھلے عام انسانوں کی طرح آوازوں کے شور کو نہ سن سکتا ہو، مگر وہ دنیا کے نشیب و فراز اور خاص طور پر صحافت کے میدان میں اُٹھنے والے نئے طوفانوں اور سیاست کی الجھی گرہوں کو اپنے اندر اتار لیتا تھا۔ فلسفیانہ گہرائی سے اس کی سمجھ معاملات کا ایسا تجزیہ کرتی کہ بظاہر سب کچھ سننے والے بڑے بڑے نابغے بھی اس کی تہہ تک نہ پہنچ پاتے۔ اسی لئے میں ذاتی طور پر پچھلے پندرہ برس سے سلطان شاہ کو “صحافت کا سلطان” کہتا آیا ہوں۔

سلطان شاہ محض خبر اور کالم کا قاری و راوی نہیں، بلکہ ایک عمیق دانشور تھا۔ وہ میرے جیسے اوسط درجے کے صحافیوں کی طرح واقعات کو سطحی لہروں پر نہیں دیکھتا تھا، بلکہ ہر معاملے کے گہرے سمندر میں اتر کر اس کا جائزہ لیتا۔ میری سلطان شاہ سے پہلی ملاقات جنوری 2010ء میں اس وقت ہوئی جب میں نے روزنامہ مشرق کو دوبارہ جوائن کیا۔ سلطان شاہ کو میرا معاون مقرر کیا گیا۔ اخبار کی انتظامیہ کو یہ خوش فہمی تھی کہ میں سنڈے میگزین اور رنگین ایڈیشنز دوسروں سے بہتر ترتیب دے سکتا ہوں؛ اسی خوش فہمی کی کوکھ سے سلطان شاہ جیسا نایاب ہیرا میری معاونت کیلئے سونپ دیا گیا۔

مجھے یہ ادراک ہونے میں ذرا بھی دیر نہ لگی کہ سلطان شاہ صحافت کا ایک ایسا جینیس ہے جو برسوں میں جنم لیتا ہے۔ وہ اپنی سماعت کی کمی کو اس نفاست اور خودداری سے چھپاتا تھا کہ ساتھ کام کرنے کے باوجود دو تین دن تک مجھے یہ حتمی علم ہی نہ ہو سکا کہ سلطان شاہ سننے سے قاصر ہے۔ اس کا صحافتی کام دیکھ کر میں تو اسی لمحے جان گیا کہ یہ پیدائشی صحافی اور فہم و ادراک کے خزینے سے مالا مال ہے؛ مگر یہ حقیقت اخبار کی انتظامیہ کے دل میں اتارنے میں مجھے ایک سال سے زائد کا عرصہ لگ گیا۔ اسی ایک برس کے دوران مجھے یہ شرف بھی ملا کہ سلطان شاہ نے محبت اور اپنائیت سے مجھے اپنی شاگردی میں لینے کی بات کی، تو میں نے یہی کہا کہ تم تو خود بے حد باصلاحیت لکھاری ہو، مجھ سےکہیں بہتر ہو جس پر وہ مسکرا کر کہتا، “چل جھوٹے!”

سلطان شاہ نہ صرف اعلیٰ درجے کا قلم کار تھا، بلکہ سرخیوں جنہیں آج کل کی نسل “ہیڈ لائنز” کے نام سے جانتی ہے، تراشنے کا ایسا ماہر تھا کہ لفظ اس کے اشارے پر رقص کرتے نظر آتے۔ اسے ایک ہمہ جہت، جاندار اور پرکشش سرخی گھڑنے پر ایسا ملکہ حاصل تھا کہ کوئی اس کا ثانی نہ تھا۔ روزنامہ اخبار اور خاص ایڈیشنز یا میگزین کی سرخیوں کے نازک فرق سے سلطان شاہ پوری طرح واقف ہو چکا تھا۔ ایک سال تک اس کے ساتھ کام کرنے کے بعد جب انتظامیہ کو بھی اس کے جوہر کھل کر نظر آئے اور میں نے ہمیشہ کی طرح ان کی رہنمائی کی، تو آخرکار ان کی زبان سے یہ الفاظ نکلے: “ہاں، سلطان شاہ واقعی باصلاحیت ہے۔”

سلطان شاہ کو اس فن پر بھی کمال عبور حاصل تھا کہ وہ مخاطب کے ہونٹوں کی جنبش پڑھ کر جان لیتا تھا کہ سامنے والا کیا کہہ رہا ہے۔ لبوں کی ہلکی سی حرکت اور چہرے کے تاثرات سے وہ پوری گفتگو کی گرہ کھول لیتا تھا۔ یہی وہ غیبی مدد اور اضافی صلاحیت تھی جو قدرت نے اسے عطا کر رکھی تھی۔ وہ اپنی اس محرومی کو لبوں کی جنبش سے بات سمجھ کر اتنی خوش اسلوبی سے ڈھانپ لیتا کہ ابتدا کے چند دنوں میں میں بھی اس کا اندازہ نہ لگا سکا۔ وقت گزرا تو اس کے اس حیرت انگیز ہنر کا بھید مجھ پر کھل گیا، لیکن میں اس حقیقت سے بے خبر تھا کہ سلطان کو اپنی اس کمی کا برملا ذکر کتنا ناگوار گزرتا ہے۔

اس کی یہ رنجش مجھ پر اس دن عیاں ہوئی جب ایک روز بزرگ سیاستدان آفتاب شیر پاؤ سے انٹرویو کیلئے مجھے جانا تھا، اور سلطان شاہ نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بھی میرے ساتھ چلے گا۔ ہم دونوں ایک فوٹوگرافر کے ہمراہ آفتاب شیر پاؤ کے ہاں پہنچے۔ میں نے ناسمجھی اور سادگی میں شیر پاؤ صاحب سے سلطان شاہ کا تعارف کراتے ہوئے یہ کہہ دیا کہ سلطان شاہ اونچا سنتے ہیں۔ پورے انٹرویو کے دوران شیر پاؤ صاحب جب مجھے جواب دیتے، تو پھر سلطان شاہ کی طرف دیکھ کر پوچھتے، “آپ کو سمجھ آئی؟” سلطان اثبات میں سر ہلا دیتا، مگر شیر پاؤ صاحب نے اس کا بے حد خیال رکھا اور ہر جواب کا ایک ایک کر کے مختصر خلاصہ بلند آواز میں سلطان شاہ تک پہنچاتے رہے۔

انٹرویو ختم ہوا اور ہم آفتاب شیر پاؤ کے گھر سے باہر نکلے، تو سلطان شاہ نے پہلی اور آخری بار اپنا جلالی رنگ مجھے دکھایا۔ اس کا چہرہ غصے سے تمتما رہا تھا۔ میں نے وجہ پوچھی تو پھٹ پڑا: “تو نے اسے کیوں بتایا کہ میں اونچا سنتا ہوں؟” میں نے شرمندگی کے ساتھ معذرت کی، مگر سلطان شاہ نے کئی گھنٹوں تک اپنی ناراضگی برقرار رکھی۔ اس واقعے کے بعد جب میں نے اجنبیوں سے اس کی گفتگو کو غور سے دیکھا تو دنگ رہ گیا کہ نہ سن سکنے کے باوجود سلطان نئے لوگوں کی باتیں ان کے ہونٹوں کی جنبش سے یوں اخذ کر لیتا تھا جیسے کوئی قاری کتاب کے اوراق پلٹ رہا ہو۔ یہ بھی اس کی بے نظیر اور لازوال صلاحیت تھی۔

ان صلاحیتوں کے ساتھ اس کا سیاسی و سماجی تجزیہ لاجواب تھا۔ سلطان شاہ اخبار میں ہمیشہ اپنے اصلی نام سے نہیں لکھتا تھا؛ کبھی کبھار اپنے نام سے تحریر چھپتی، ورنہ وہ قلمی ناموں کی دنیا میں بستا تھا۔ ان میں اسے “بہرہ مند” کا قلمی نام بے حد عزیز تھا۔ روزنامہ مشرق میں “بہرہ مند” کے نام سے شائع ہونے والے مضامین اکثر سلطان شاہ کے فکر و فن کی عرق ریزی ہوا کرتے تھے۔ وہ نہایت حاضر جواب، زندہ دل اور بذلہ سنج انسان تھا؛ نپی تلی اور برمحل بات کہنے میں اسے کمال حاصل تھا۔ وہ سچا دوست اور درد مند انسان تھا۔

اس سے میری آخری ملاقات کل (بروز پیر) جم خانہ گراؤنڈ میں اس کے دنیا سے رخصت ہونے سے محض ایک ڈیڑھ گھنٹہ پہلے بالمشافہ ہوئی۔ یہ ملاقات کافی دنوں کے وقفے کے بعد ہوئی تھی۔ سلطان اپنے روایتی جوش اور گرم جوشی سے ملا اور اپنی خواہش پر جہاں زیب سرحدی سے کہہ کر میرے ساتھ ون ٹو ون تصویر بنوائی۔ مجھے کیا خبر تھی کہ یہ لمحہ، یہ مسکراہٹ اور یہ تصویر سلطان شاہ کے ساتھ میری آخری یادگار بن جائے گی، اور ہنستا کھیلتا، جیتا جاگتا سلطان شاہ چند ہی لمحوں بعد میری بانہوں میں اپنی آخری سانسیں لے لے گا!

تصویر بنوانے کے بعد میڈیا کرکٹ لیگ کے میچ میں سلطان شاہ کی ٹیم، جو ہمارے مدمقابل تھی، بیٹنگ کیلئے اتری۔ ہم فیلڈنگ کرنے گئے۔ ان کی اننگز ختم ہوئی تو ہم واپس آئے۔ اسی دوران سلطان شاہ اپنے قریبی دوست عطاء الرحمن سے کہنے لگا کہ آؤ گراؤنڈ میں دوڑ لگاتے ہیں۔ سلطان شاہ جم خانے کے باہر سے دوڑتا ہوا پچ تک آیا اور پھر وہیں بیٹھ گیا، گویا زندگی کی دوڑ تمام کر کے اپنی ابدی منزل کی دہلیز پر آ ٹھہرا ہو۔ عطاء الرحمن نے سمجھا کہ سلطان شاہ کو مختلف عارضے لاحق ہیں، شاید سانس لینے کیلئے بیٹھ گیا ہے؛ مگر سلطان شاہ سانس لینے کیلئے نہیں بیٹھا تھا، اس کا دل اس کا ساتھ چھوڑ چکا تھا، اسے جان لیوا دل کا دورہ پڑا تھا۔

میں اور وہاں موجود تمام صحافی بھاگے بھاگے سلطان کی طرف لپکے۔ پہلے تو یہی گمان گزرا کہ دوڑتے ہوئے ٹھوکر لگی ہے یا کوئی معمولی چوٹ آئی ہے، مگر جب قریب جا کر سلطان کی حالت دیکھی تو سانسیں تھم گئیں؛ وہ زندگی کی آخری ہچکیاں لے رہا تھا۔ میں نے سلطان کو بار بار آوازیں دیں، پکارا، مگر اس کی سانس اکھڑ چکی تھی اور وہ کوئی جواب نہیں دے رہا تھا۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس راستے میں ہی تھی کہ دوستوں نے فوری اقدام کا فیصلہ کیا کہ حالت نازک ہے، ذاتی گاڑی میں ڈال کر فوراً ہسپتال لے چلتے ہیں۔ عزیز دوست کاشف الدین سید نے اپنی گاڑی نکالی، سلطان کو اس میں لٹایا گیا، مگر ہسپتال پہنچ کر بھی سلطان شاہ جانبر نہ ہو سکا۔ یوں صحافت کا یہ درخشاں سلطان ہمیشہ ہمیشہ کیلئے عدم آباد کی وادی میں اتر گیا۔

وہ اپنے اہلِ خانہ، احباب اور دوستوں کو گہرے صدمے اور اداسی کی دلدل میں چھوڑ گیا۔ سلطان شاہ بلا شبہ ایک کہنہ مشق اور اعلیٰ پائے کا صحافی تھا۔ جس بلند معیار کی صحافتی صلاحیتوں کا وہ مالک تھا، اس کے مقابلے میں اسے انتہائی کم پذیرائی ملی۔ وہ جتنا جان کھپا کر کام کرتا تھا، اس کے شایانِ شان معاوضہ اور مشاہرہ بھی اسے نہ مل سکا۔ اس کا ذکر وہ کبھی کبھار ضرور کرتا، مگر اس کے باوجود سلطان شاہ ہمیشہ صابر، قانع اور شاکر رہا۔ ہنسی مذاق کی محفلوں میں وہ پورے رنگ کے ساتھ شریک ہوتا۔ میں اپنی “بزرگی” کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس سے کچھ زیادہ ہی بے تکلفی اور شوخی کر لیا کرتا، لیکن آفتاب شیر پاؤ والے واقعے کے سوا سلطان نے مجھ سے کبھی نہ شکوہ کیا، نہ گلہ کیا اور نہ کبھی دل میں میل رکھا۔ اس نے جو احتجاج کیا، جو ناراضگی دکھائی، وہ اس میں بالکل حق بجانب تھا؛ اس لیے کہ خالق نے اس کی ذات میں جس کمی کو رکھا تھا، وہ اس کا بوجھ ہر نگاہ کے سامنے نہیں رکھنا چاہتا تھا۔ وہ اپنے قریبی دوستوں سے بھی اس کا تذکرہ ٹالتا تھا، مگر جب قربت بڑھتی تو محرمِ راز اس حقیقت کو جان لیتے؛ لیکن بہت کم لوگ یہ سمجھ پائے کہ سلطان شاہ پشاور کی صحافت کے آسمان کا سلطان بھی تھا اور شاہ بھی۔سلطان اپنی صحافتی برادری اور خاص کر اپنے جگری دوستوں کو ایک سنسان خاموشی اور ویرانی میں تنہا چھوڑ گیا۔

بقولِ شاعر:
ایک اور آسمان کو زمین کھا لے گی۔۔۔

یہ آسمان سلطان شاہ تھا۔
اللہ کریم اس کی اگلی منزلیں نورانی اور آسان فرمائے، اس کے درجات بلند کرے اور اس کے پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: خواتین صحافیوں کی دوہری جنگ؛ فیلڈ ہراسمنٹ سے آن لائن ٹرولنگ تک

Summary

Ibrahim Khan pays a heartfelt literary tribute to the late Peshawar journalist Sultan Shah, whom he has regarded as the “Sultan of Journalism” for fifteen years. Despite severe hearing loss, Shah possessed sharp intellect, deep analytical insight, mastery over headline writing, and a remarkable ability to read lips and facial expressions often writing under the pen name “Bahramand” in Daily Mashriq. Khan recounts working alongside him since January 2010, a rare moment of anger when Shah’s hearing limitation was mentioned before politician Aftab Sherpao, and their final warm meeting at Gymkhana Ground on Monday just before Shah suffered a fatal heart attack during a media cricket league event. The piece concludes with prayers for Shah’s peace in the hereafter and strength for his grieving family and colleagues.