مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلہ بھٹو کی پھانسی سے بھی زیادہ خطرناک ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

پشاور ( دی خیبرٹائمز پولیٹیکل ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور خیبرپختونخوا حکومت کا ترجمان بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلے کو ملکی نظامِ انصاف کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف انصاف کا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے بلکہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے فیصلے سے بھی زیادہ بدترین ثابت ہوگا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے ایسے فیصلوں کی راہ ہموار کی ہے، اور اس ترمیم کی منظوری دے کر پیپلز پارٹی نے دراصل بھٹو کی پھانسی جیسے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بلاول بھٹو 26ویں ترمیم کی منظوری کے بعد مکے لہرا رہے تھے، درحقیقت وہ مکے بھٹو کی قبر پر برس رہے تھے۔ “ذوالفقار علی بھٹو کی روح ایک بار پھر قبر میں بے چین ہو گئی ہوگی”، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ جعلی حکمران ایک فرد سے بغض میں پورے نظام انصاف کو داؤ پر لگا چکے ہیں۔ سیاسی مافیا عدلیہ کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا چکا ہے، جبکہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر قربان کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقتدار سے چمٹا ہوا مافیا ہر حد پار کرنے کو تیار ہے۔ اقتدار نہ ہو تو یہ بیرونِ ملک بنائے گئے محلات میں عوام کے ٹیکسوں پر عیش کرتے ہیں۔ ملک میں اب آئین و قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی اور مینڈیٹ چور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ اس ناانصافی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ہر قانونی اور سیاسی فورم پر آواز بلند کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں