ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ پشاور سے حفاظتی سامان چوری
پشاور( دی خیبر ٹائمز ہیلتھ ڈیسک)محکمہ صحت خیبر پختونخواکے ڈائریکٹوریٹ سے کورونا وائرس کی روک تھام کےلئے فراہم کردہ سامان غائب ہونا شروع ہوگیاہے-سٹور سے 80تھرمل گن اور تین کارٹن سے زائد این95کے قیمتی ماسک غائب ہوگئے ہیں- ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مقامی پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کردی گئی ہے تاہم محکمہ صحت کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کسی قسم کی چھان بین کا اعلان نہیں کیا گیا ہے چند روز قبل ضلعی انتظامیہ سے بھی سامان غائب ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں- محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میں موجود 2 کارٹن تھرمل گن غائب ہوگئے ہیں -ایک کارٹن میں40تھرمل گن تھے اور ایک تھرمل گن کی قیمت12ہزار سے15ہزار تھی -ذرائع کے مطابق سٹور سے تین کارٹن این 95 ماسک بھی غائب ہوئے ہیں اس وقت مارکیٹ میں ایک ماسک18سو سے23سو روپے پر دستیاب ہیں- اس حوالے سے محکمہ صحت کے حکام نے مقامی پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کرادیا ہے جس کی روشنی میں پولیس نے سامان کی وصولی اور اضلاع کو فراہمی سے متعلق ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے-