غیر قانونی ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف کارروائی قابلِ ستائش ہے: گل نواز آفریدی

خیبر پختونخوا میں غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر آپریشن جاری، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی حکومت کو خراجِ تحسین

پشاور (دی خیبرٹائمز نیوز ڈیسک) پختونخوا پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین گل نواز خان آفریدی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے غیر قانونی پیٹرول فروخت کرنے والے ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف جاری آپریشن ایک قابلِ تحسین اقدام ہے جو نہ صرف قانون کی بالادستی کو یقینی بنا رہا ہے بلکہ قانونی کاروبار کرنے والوں کے تحفظ کا بھی ضامن ہے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گل نواز خان آفریدی نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) سرمد سلیم اور تمام ضلعی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ماضی کی نسبت زیادہ مربوط اور مؤثر ہے اور یہ سلسلہ اسی عزم سے جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شہری کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروبار کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم پیٹرولیم جیسے حساس شعبے میں صرف وہی افراد کام کریں جو تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہیں۔ غیر قانونی پیٹرول کی فروخت نہ صرف قانونی ڈیلرز کے حقوق پر ڈاکہ ہے بلکہ قومی خزانے کو نقصان اور عوام کے لیے خطرے کا سبب بھی ہے۔

گل نواز آفریدی نے واضح کیا کہ قانونی پیٹرول پمپس پر معیار اور مقدار کی مکمل نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ غیر قانونی فروخت کے نتیجے میں صارفین کو ناقص ایندھن فراہم ہوتا ہے جو گاڑیوں کے انجن کو نقصان پہنچاتا ہے۔

پریس کانفرنس میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین جان عالم محمود نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ دیگر ڈویژنز کے کمشنر حضرات کو بھی اسی طرز پر کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے خاص طور پر ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر جنوبی اضلاع میں غیر قانونی طور پر قائم ڈھابہ اسٹیشنز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مرکزی صدر اختر نواز خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت اور بہترین اقدامات کیے ہیں، جنہیں سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ آپریشن کا دائرہ کار پورے صوبے تک پھیلایا جائے تاکہ غیر قانونی کاروبار کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

پریس کانفرنس میں سابق چیئرمین عبدالماجد، ایگزیکٹو ممبر حفیظ اللہ مروت سمیت دیگر صوبائی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری بحزاد الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ غیر قانونی پیٹرول سیلرز نہ صرف قانونی کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ عوام کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں کیونکہ یہ اکثر گنجان آبادی میں بغیر حفاظتی انتظامات کے کام کرتے ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔

پختونخوا پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ غیر قانونی پیٹرول فروخت کے خلاف آپریشن کو بلا تفریق جاری رکھا جائے اور قانونی ڈیلرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں