شمالی وزیرستان میں چچازاد بھائیوں کے مابین فائرنگ، 4 ہلاک 1 زخمی

میرعلی ( دی خیبرٹائمز ڈسٹرکٹ ڈیسک ) شمالی وزیرستان کے میرعلی سب ڈویژن میں اراضی کے تنازعے پر چچا زاد بھائیوں کے مابین تنازعے میں فائرنگ ہو ئی ہے جس کے نتیجے میں ایک لیکچرر سمیت چار نوجوان جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق میرعلی کے گاؤں موسکی میں موسیٰ خان اور داؤد خان جو کہ اپس میں سگے چچا زاد بھائی ہیں کے درمیان جائداد کا تنازعہ چلا ارہا تھا جس میں گذشتہ رات کو دونوں خاندانوں کے مابین پہلے ہاتھاپائی ہو ئی جسکے بعد رات گئے فریقین کے درمیان فائرنگ شروع ہو ئی جس میں چار افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوا جس کو میرعلی ہسپتال لایا گیا۔ جاں بحق افراد میں صفی اللہ، سمیع الحق ولد داؤد خان، ہلال احمد ولد موسیٰ خان اور لیکچرر تسلیم ولد حبیب اللہ شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق مرنے والے سب کے سب اپس میں چچازاد بھائی ہیں اور ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ذرائع کے بقول اس تنازعے کا سبب سات کنال کا رقبہ ہے جس نے ایک ہی خاندان کے چار نوجوانوں کی جانیں لے لیں۔ واقعہ سے پورے علاقے میں سوگ کی کیفیت ہے۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں