پشاور سپورٹس فیسٹول کے رنگار رنگ تقریب میں آغاز، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے باضابطہ افتتاح کیا

پشاور ( دی خیبرٹائمز سپورٹس ڈیسک ) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پشاور سپورٹس فیسٹول گزشتہ روز حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں شروع ہوگیا، اس موقع پر رنگا رنگ تقریب ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک مہمان خصوصی تھے جنہوں نے باقاعدہ طور پر مقابلوں کاافتتاح کیا ان کے ہمراہ معاون خصوصی ابراہیم خان جھگڑا،ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز سید ثقلین شاہ، ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی ، صوبائی وزیر خزانہ کے معاون خصوصی رحیم خان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرتحسین اللہ خان اور ایڈمن آفیسر حیات آباد سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، پشاور سپورٹس فیسٹول میں 9 ایونٹس میں مردوخواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوںکے جوہر دکھارہے ہیں۔ چھ نومبر تک جاری رہنے والے سپورٹس گالا میں چارریکٹس گیمزٹیبل ٹینس، لان ٹینس، سکواش،بیڈمنٹن کے علاوہ رسہ کشی، تائیکوانڈو، سائیکلنگ، جوڈو، جوجیٹسو اور کراٹے کے ایونٹس شامل ہیں’ مجموعی طور پر سپورٹس فیسٹول میں صوبہ بھر سے 700 کھلاڑی شرکت کررہے ہیں، افتتاحی تقریب کے دوران کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا جبکہ تائیکو انڈو کے کم سن کھلاڑیوں کے مارشل آرٹس کا مظاہرہ پیش کیا، اس موقع پر صحافیوں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ بھی منعقد ہوا ‘چارروزہ فیسٹول میں 250 خواتین جبکہ 450 مرد کھلاڑی شامل ہیں، مقابلوں میں ونرز کو چھ جبکہ رنر اپ کو چار ہزار نقد انعامات دیا جائے گا، افتتاحی تقریب کے موقع پر پشتو کے معروف گلوکار شاہد ملنگ نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے آخر میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، گزشتہ روز ہونیوالے ٹینس کے مقابلوں میں انڈر 18 ڈبلز میں پشاور کے کاشان عمر ، عاقب عمر ، حمزہ رومان اور عزیر خان نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، جبکہ گرلز کیٹیگری میں اورین اور انعیم جبکہ عروج اور حریم نے ڈبلز سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ‘ویٹرنز ڈبلز میں صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر اور عامر ایڈووکیٹ ٹاپ سیڈ ہیں جبکہ ڈاکٹر فرحت عباس اور ڈاکٹر محسن سیکنڈ سیڈ ہیں’جوجیٹسو کے مقابلوں میں تیس کلو گرام کے مقابلوں میں کینٹ کے ریحان نے پہلی ‘حیات آباد کے مزمل نے دوسری ‘سعد نے تیسری جبکہ سدیس نے چوتھی پوزیشن حاصل کی ‘ پینتیس کلو گرام کیٹیگری میں سٹی ٹیم کے جواد نے پہلی ‘حیات آباد کے عمر نے دوسری ‘سٹی کے حمزہ نے تیسری جبکہ حیات آباد کے نعمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ’56 کلو گرام کے مقابلوں میں کینٹ کے محمد عتیق نے پہلی ‘ سٹی کے مستقیم نے دوسری ‘کینٹ کے فہد نے تیسری جبکہ سٹی ٹیم کے شاکر نے چوتھی پوزیشن اپنے نام کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں