صحافیوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک، جوڈیشل کمیشن کے قیام اور انکوائری کا مطالبہ

ضلع خیبر کے صحافی خلیل جبران کے بہیمانہ قتل کے خلاف خیبر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں یونین کی صدر ناصر حسین، نائب صدر عبدالبصیر، جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی سمیت پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی، سابق صدور ایم ریاض، بخار شاہ باچہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے صحافیوں کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لئے نعرے بازی کی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین، جنرل سیکرٹری پشاور پریس کلب عرفان موسیٰ زئی، ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے صدر قاضی فضل اللہ، پی ایف یو جے (ورکرز) کے صدر شمیم شاہد، اور سینئر صحافی محمود جان نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران ملک میں تین صحافیوں کی جان لی گئی جو افسوسناک ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت صحافیوں کے قتل کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنائے اور شفاف انکوائری کے ذریعے ان واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ صحافیوں نے واضح کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر ان مطالبات کو تسلیم نہ کیا گیا تو وزیراعلی ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنا دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں