خیبرپختونخوا میں مستقل قیام امن کیلئے اقدامات ناگزیر ہے، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل

پشاور ( پ ر ) ضم شدہ ضلع باجوڑ میں سول کالونی جرگہ ہال کے سبزہ زار میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا. جرگہ ضلع کے امن و امان کی صورتحال پر بلایا گیا تھا جس میںعلاقہ عمائدین اور مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ضلع کے امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا. جرگہ نے ضلع باجوڑ میں امن و امان کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور و غوض کیا. اس موقع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جرگہ کے شرکاء نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا. جرگہ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ امن و امان میں مزید بہتری اور اس کو قائم دائم رکھنے کے لئے ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ عوامی حلقے بھی اپنا کردار ادا کریں گے. جرگہ نے ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر باہمی مشاورت سے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا. جرگہ نے پاک آرمی اور پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا. جرگہ نے مقامی اور قومی اداروں کو مضبوط کرنے اور اس ضمن اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا. جرگہ اس عہد اور دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ باہمی مشاورت اور اتفاق سے امن و امان کو دائم و قائم رکھنے کے لئے ہر سطح پر کام کیا جائے گا اور اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ اقدامات کئے جائیں گے.دوسری جانب نگران صوبائی حکومت نے باجوڑ کے مقامی عمائدین اور مشران کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک خوش آئند اقدام قرار دیاہے. اس سلسلے میں نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ دائمی امن کے لئے عوامی سپورٹ اور اشتراک ناگزیر ہے. ان کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر ایسے پیغامات سے جوانوں کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ضلع باجوڑ سمیت دیگر ضم اضلاع میں امن و امان کے حوالے سے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں