حکومتی وفد اکرم درانی کے گھر پہنچ گیا، خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات جزوی کامیاب


پشاور(دی خیبر ٹائمز پولیٹکل ڈیسک) گزشتہ کئی ماہ سے خیبرپختونخوا میں حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان جاری ڈیڈ لاک ٹوٹ گیا ہے، اپوزیشن نے اسمبلی اجلاسوں میں شریک ہونے کا اعلان کردیا ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ پر حزب اختلاف اور حکومت کے درمیان جاری ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لئیے مذاکرات ہوئے۔مذاکرات کے لئے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی قیادت میں جرگہ اکرم درانی کی رہائش گاہ گیا۔ جرگے میں وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان اور وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی شامل تھے، اس موقع پر مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار محمد یوسف، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، پی پی پی کے شیراعظم وزیر، جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان، جمشید مہمند، نگہت اورکزئی، سردار اورنگزیب نلوٹھہ، احمد کنڈی اور دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے، اپوزیشن نے حکومت کا جرگہ جزوی طور پر تسلیم کرکے اسمبلی میں احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ
گزشتہ ہفتوں اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تلخی پیدا ہوئی تھی، سپیکر کے پی اسمبلی کچھ دن پہلے میرے پاس آئے تھے اور وہ مسلے کا حل چاہتے تھے، میرے گھر آکر سپیکر اور دیگر وزراء نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے،حکومتی اراکین نے آئندہ کسی قسم کے گلے شکوے نہ یاد دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم نے اسمبلی کی حد تک تلخیاں ختم کردی ہیں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہماری نشست ہوتی رہتی ہے، وزیراعلی نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا ہے، ہمارا گلہ وزیراعلیٰ سے ہے، دیکھنا ہے کہ سپیکر کی طرح سی ایم بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہیں یا نہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ انشاءاللہ آئندہ اسمبلی کا اجلاس خوش اسلوبی سے چلے گا، اپوزیشن کے ساتھ ترقیاتی فنڈز کا جو معاہدہ ہوا ہے حکومت نے اس پر عمل نہیں کیا۔ اکرم خان درانی نے مزید کہا کہ حکومت
35 اور 65 کا فارمولے پر عمل درامد کو یقینی بنائے تاکہ اپوزیشن ارکان کے حلقوں کے عوام کی محرومیاں بھی ختم ہوں۔ س موقع پر سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ اسمبلی میں جو ہوا وہ اچھا نہیں تھا، انشاءاللہ اب ہم سب مل کر عوام کے لئے کام کریں گے، تمام رنجشیں ختم ہوں یہ وزیر اعلیٰ کی بھی خواہش ہے، مشتاق غنی نے کہا کہ اسمبلی کے اپوزیشن کے تمام جائز مطالبات پر بات چیت جاری رہے گی، اکرم درانی کا پیغام وزیراعلیٰ کو پہنچاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ بجٹ اجلاس سے پہلے اپوزیشن اور وزیر اعلیٰ کی ملاقات کرائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں