خیبرپختونخوا شدید گرمی کی لپیٹ میں، بعض علاقوں میں بارش کا امکان

پشاور ( دی خیبر ٹائمز مانیٹرنگ ڈیسک ) محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آئے گا، جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے میدانی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں تاکہ لو لگنے اور دیگر موسمی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چترال، بالائی دیر اور سوات کے کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جو کہ درجہ حرارت میں معمولی کمی کا سبب بن سکتی ہے۔

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 28 فیصد ہے، جو کہ گرمی کی شدت کو مزید بڑھا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں نسبتاً خوشگوار موسم ریکارڈ کیا گیا۔ کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ اور دیر میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب جنوبی اضلاع میں شدید گرمی کا زور برقرار ہے، ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 49 اور بنوں میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو کہ رواں موسم گرما کے دوران اب تک کے بلند ترین درجہ حرارت میں شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ حکام نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ شہریوں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں