نوجوان اور مِڈ کیریئر صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مزید ورکشاپس کا سلسلہ بڑھائینگے، اشفاق احمد خلیل

وزارت اطلاعات و نشریات، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور اور پاکستان انفارمیشن سینٹر کے زیرِ اہتمام “دستاویزی فلم سازی” کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ پشاور پریس کلب میں اختتام پذیر ہوئی۔ مہمانِ خصوصی اور پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے اپنے تاثرات میں کہا کہ آج کا دور ڈیجٹل میڈیا کا دور ہے اور نئی ٹیکنالوجی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے اس طرح کی ورکشاپ منعقد کرانا خوش آئند ہے۔ پاکستان انفارمیشن سینٹر اس وقت پاکستان کے سات (7) مختلف شہروں میں قائم ہے، جن میں اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی، مظفرآباد، کوئٹہ اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔ اشفاق احمد خلیل نے مزید کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کا مقصد نہ صرف نوجوان اور مڈ کیریئر میڈیا پرسنز کی صلاحیت کو بڑھانا ہے بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید علوم بھی فراہم کرنا ہے۔
ورکشاپ کے دوسرے دن سینئر صحافی اور بیورو چیف سنو ٹی وی صفی اللہ گل نے ٹریننگ کے شرکاء سے کہا کہ ایک صحافی کو ڈاکومنٹری بنانے سے پہلے موضوع پر پہلے سے ایک پوری ریسرچ کرنی چاہیئے تاکہ اسکو اندازہ ہو کہ اسکا ٹارگٹ آڈینس کون ہے اور وہ کیا چاہ رہا ہے، اسکے لئے مکمل ہوم ورک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی کا ڈاکومنٹری کے ساتھ ایموشنل اٹیچمنٹ ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ وہی اسکے ڈاکومنٹری پہ اثر انداز ہوتا ہے اور اسکے لئے صحافی کو مثبت سوچ رکھنی چاہیئے۔ شرکاء نے مختلف عملی مشقوں میں بھی حصہ لیا جو اس ورکشاپ کی خصوصیات میں سے ایک پہلو ہے۔ سینئر پروڈیوسر طاہر محمود نے کہا کہ کوئی بھی ڈاکومنٹری بنانے سے پہلے ایک صحافی کو 3 بنیادی چیزوں کو مد نظر رکھنا چاہئے، ائیڈیا یا پلیننگ، ریکارڈنگ اور پوسٹ پروڈکشن۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بہت وسیع فیلڈ ہے جسکی قدر روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ محمد فہیم سینئر اینکرپرسن نے شرکاء سے مشق کے طور پر ڈاکومنٹریز بنوائیں جن کو شرکاء نے خوش اسلوبی سے مکمل کیا۔ اس کے بعد ایک انٹریکٹیو سیشن ہوا جس میں شرکاء نے بھر پور انداز میں حصہ لیا اور مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ورکشاپ میں پہلی دفعہ صحافیوں کیلئے آن لائن شمولیت کا انتظام کیا گیا، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع کے پریس کلبوں کے نمائندگان نے آن لائن شمولیت کی۔ انہوں نے آن لائن سوالات کیے اور ٹرینرز نے ان کو تسلی بخش جوابات دیئے۔ دو روزہ ورکشاپ میں مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز کے صحافیوں نے شرکت کی۔ اشفاق احمد خلیل اور ارشد عزیز ملک نے ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ان کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں